اسلام آباد(ایجنسیاں)چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ ‘متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان ‘نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم ‘ ابوظہبی کے ولی عہد اور اماراتی مسلح افواج کے نائب سپہ سالار شیخ محمد بن زاید النہیان‘ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن ‘سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔بدھ کو اپنے بیان میں برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام تعلقات کے گہرے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔سعودی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے پیغامات میں پاکستان کی ترقی اور و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں چینی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، باہمی سیاسی اعتماد کو مستحکم اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اعلی معیار کے مطابق تعمیر کو فروغ دینے کے لئے شہبازشریف کے ساتھ مک جر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔