راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے حکام کی مبینہ غفلت اور پراسرار خاموشی سے راولپنڈی میں بغیر نقشہ اور غیر قانونی تعمیرات زور پکڑ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فی مرلہ کے حساب سے وصولی کے بعد تجاوزات مافیا کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے ۔ اس وقت صرف صادق آباد کے علاقے میں درجنوں غیر قانونی کمرشل و رہائشی تعمیرات پر دن رات کام جاری ہے۔ راول پارک کے قریب کری روڈ پر ایک کنال رقبے پر ڈبل اونچائی کے لنٹر ڈال کر تین منزلہ پلازہ تیار کیا جارہا ہے جسے بڑی مہارت سے بڑے اشتہاری بورڈز اور سیاسی بینروں سے ڈھانپ کر دن رات کام جاری ہے جو ماسوائے ذمہ داران کےسب کو نظر آرہا ہے۔ اس حوالے سے کارپوریشن کا کوئی ذمہ دار افسر بات کرنے کو تیار نہیں جبکہ انسپکٹر نے کسی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کی نفی کرتے ہوئے مکمل لاعلمی کا اظہار کر دیا ۔شہریوں نےمطالبہ کیا ہے کہ تمام تعمیرات پر کام رکوا کر ملی بھگت میں ملوث کارپوریشن افسران و عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔