• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں جعلی مصالحہ جات کے خلاف کریک ڈاؤن، دو فیکٹریز سیل

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ اور بخشو پل کے قریب جعلی مصالحہ جات تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو یونٹس سیل کر دیئے۔ یونٹس پر خفیہ اطلاع ملنے پر رات گئے چھاپے مارے گئے، جہاں جعلی مصالحہ جات کی تیاری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔ کاروائی میں یونٹس سے بھاری مقدار میں چوکر بھی برآمد کیا گیا، جسے مصالحہ جات کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران متعلقہ یونٹس سے 2000 کلو ملاوٹ شدہ مصالحہ جات اور چوکر کی بوریاں برآمد کرلی گئی۔ یونٹس میں صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران دونوں یونٹس کو مصالحہ جات میں چوکر کی ملاوٹ کرنے پر سیل کردیا گیاہے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹس سے مضر صحت مصالحہ جات شہر کے مختلف حصوں میں سپلائی کئے جاتے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخو فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کا معیار یقینی بنانے کے لئے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ٹیمیں صوبے بھر میں بھر پور طریقے سے سرگرم ہے، اور اشیاء خوردونوش سے وابستہ کاروباروں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ شہری بھی ملاوٹ میں ملوث اور مضر صحت اشیاء خوردنوش کا کاروبار کرنے والے افراد کی نشاندہی میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی مدد کریں، اور شکایت کی صورت میں ٹال فری پر رابطہ کریں۔
پشاور سے مزید