• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،گرانفروشی پرمزید 117 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا

پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی پرمزید 117 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر انتظامی افسران نے اندرون شہر بازاروں، نوتھیہ، رنگ روڈ، حیات آباد، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ، پجگی روڈ اور دیگر بازاروں کا معائنہ کیا۔انتظامی افسران نے مختلف علاقوں میں قائم رمضان سستا بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی کا معائنہ کیا اور میگا مالز میں قائم رمضان سہولت کاؤنٹرز میں اشیاء کا بھی جائزہ لیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر مختلف علاقوں سے مزید117 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ کے مطابق رمضان سستا بازاروں میں عوام کی سہولت کے لیے رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء خوردونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ انتظامی افسران کی نگرانی میں متعلقہ افسران رمضان سستا بازاروں میں موجود ہوتے ہیں تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پشاور سے مزید