• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلسل261گھنٹے آئس ہاکی مقابلے،بیمار بچوں کیلئے 10 لاکھ ڈالر جمع

ا لبرٹا(نیوز ڈیسک )کینیڈا میں انڈور آئس ہاکی کے ایک میچ میں 40 کھلاڑیوں نے 261 گھنٹے تک کھیل جاری رکھ کر ایک نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے جس کا مقصد تھا کہ کسی طرح بچوں کے علاج کے لیے عطیات جمع کئے جائیں۔اس طرح میچ کے اختتام تک بیمار بچوں کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی رقم جمع ہوگئی تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس مقابلے کو ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قرار دیا ہے۔ اس انوکھے مقابلے کو ’بچوں کے لیے ہاکی میراتھن‘ کا نام دیا گیا تھاتاہم اس مقابلے کے تحت ایک پرانا ریکارڈ بھی توڑا گیا تھا جو امریکہ میں قائم کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ نیویارک کے علاقے بفیلو میں ایسا ہی ایک ہاکی گیم رکھا گیا تھا جو مسلسل 252 گھنٹے جاری رہا تھا تاہم نئے مقابلے کی ساری رقم جو ایک ملین ڈالر بنتی ہے وہ البرٹا چلڈرن ہسپتال فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔آئس ہاکی کے اس غیرمعمولی مقابلے سے ملنے والی رقم بالخصوص سرطان کے شکار بچوں پر خرچ کی جائے گی۔ یہ کھیل 31مارچ کی رات کو شروع ہوا تھا اور مسلسل گیارہویں دن تک جاری رہا پھر اس کا اختتام ایک سائرن کی آواز پر ہوا ۔ کھیل ختم ہونے پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔اس ریکارڈ کی تیاری میں ٹیموں کو ایک ماہ کا عرصہ لگا ہے۔ کھیل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو آرام کا بہت کم وقت ملا لیکن جب جب ان کے ذہن میں بیمار بچوں کا خیال آیا وہ ہاکی اٹھا کر کھیلنے میں مصروف ہوگئے تاہم بہت سے کھلاڑیوں کو چوٹیں بھی لگیں لیکن انہوں نے اس کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنے مشن کو جاری رکھا۔  
یورپ سے سے مزید