کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھاری معاوضے پر قومی ہاکی ٹیم کی کوچنگ باگ دوڑ سنبھالنے والے امپورٹیڈکوچ سیگفیڈ ایکمین پہلے مقابلے سے قبل ہی ہتھیار ڈال گئے، جمعے کولاہورمیں گفتگو میںانہوں نے کہا کہ ایشیا کپ سے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی گارنٹی نہیں دے سکتا۔ ایف آئی ایچ کے نئے فار میٹ کے تحت ایشیا کپ کی چار سیمی فائنلسٹ ٹیمیں ورلڈ کپ میں رسائی کی حقدار ہونگیں۔ ٹیم کے منیجر خواجہ جنید اور کوچنگ اسٹاف پر امید ہے کہ پاکستان ٹاپ فور فار مولے کے تحت ورلڈ کپ میں پہنچ سکتا ہے۔ ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ میں جادو گر ہوں ، نہ میرے ہاتھ میں جادو کی چھڑی ہے، اس وقت ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ ہی ہے، اسی کے لیے محنت کر رہے ہیں، مجھے اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد بھی ہے۔ کھلاڑی اچھا کھیل سکتے ہیں ، ہمارا کوالیفائی کرنا ممکن ہےلیکن یہ آسان نہیں ہے ۔اس وقت ہم رینکنگ میں 18 ویں نمبر پر ہیں۔ یورپ میں ہمیں ٹاپ دو اور تین کے خلاف کھیلنا ہے تو اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔