لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی متناسب نمائندگی کے تحت الیکشن چاہتی ہے، پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں، ملک کا آئین قومی وحدت کی علامت، مگر اس وقت مظلوم بن چکا ہے۔ صدر مملکت پارلیمنٹ کو تسلیم کرنے سے انکاری، ملک کا سب سے بڑا صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا ہے، نئے وزیراعلیٰ کو پنجاب کے گورنر ماننے کو تیار نہیں۔ قوم میں پولرائزیشن اور تفریق خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کا واحد حل انتخابات کا انعقاد ہے۔ الیکشن سے قبل الیکٹورل ریفارمز ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی متناسب نمائندگی کے تحت الیکشن چاہتی ہے۔ ہم نے انتخابی اصلاحات کا مکمل پیکیج تیار کیا ہے، جسے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ ملک کو الیکٹیبلز اور مافیاز کی سیاست سے نجات چاہیے۔ وہ منصورہ میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔