کراچی (نیوز ڈیسک) چین میں قائم ایک تحقیقی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ ارب پتی افراد چین کے تین شہروں میں رہتے ہیں۔ شنگھائی میں قائم ادارے ہورون رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ ارب پتی افراد چین کے دارالحکومت بیجنگ میں (144) رہتے ہیں جس کے بعد شنگھائی کا نمبر ہے جہاں 121؍ ارب پتی افراد مقیم ہیں۔ اس سے قبل فہرست میں امریکا کے شہر نیویارک کا نام آتا تھا جہاں 110؍ ارب پتی افراد مقیم ہیں تاہم اب نیویارک سے یہ پوزیشن چین کے شہر شین زین نے چھین لی ہے جہاں 113؍ ارب پتی افراد مقیم ہیں۔ شین زین چین میں مچھلیوں کے کاروبار کے حوالے سے مشہور گائوں ہوا کرتا تھا لیکن اب یہ ایک شہر میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں صرف گزشتہ ایک سال کے دوران 8؍ ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا۔ شین زین میں ترقی کی شروعات 1980ء کی دہائی میں ہوئی کیونکہ حکومت نے اسے اسپیشل اکنامک زون قرار دیا جس کی وجہ سے یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہوا۔ نتیجتاً، جی ڈی پی 28؍ ملین ڈالرز سے بڑھ کر صرف چار دہائی میں 475؍ ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔ شین زین میں ملک کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر اور مراکز ہیں جن میں ہواوے اور ٹین سینٹ شامل ہیں۔ 2021ء میں ڈھائی ہزار نئی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شین زین میں اپنے دفاتر قائم کیے اور اس طرح یہاں موجود کمپنیوں کی تعداد 17؍ ہزار ہوگئی۔