اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ٹی وی رپورٹ ) سابق صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے، آصف علی زرداری چوہدری شجاعت حسین سے ملنے انکی رہائشگاہ پر گئے اور ان سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنمائوں نے اس بات پرزور دیا کہ سیاست میں افہام و تفہیم ،احترام اور تحمل و برداشت کے جذبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس سے بچا جا سکتا تھا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کو ہر صورت کابینہ میں لےکرجاؤں گا،جبکہ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بھی ایسےرہنما ہیں جو کہتے ہیں نبھاتے ہیں۔