اسلام آباد(نمائدہ جنگ )چیف جسٹس آف پاکستان، عمر عطا بندیال نے سینئر صحافی محسن جمیل بیگ وغیرہ کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر ریمارکس دئیے ہیں کہ جہاں ادارے کے وقار کا معاملہ ہو وہاں ذاتیات نہیں ہونی چاہیے،غیر مشروط معافی نامہ جمع کرایا جائے تاکہ معاملہ ختم کیا جاسکے،ہم اس معاملے کو نمٹانے چاہتے ہیں، چیف جسٹس، عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی ،اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ ابھی تک ختم کیوں نہیں ہو رہا ،جس پر محسن جمیل بیگ کے وکیل نے بتایا کہ دس سالہ پرانا معاملہ ہے اس میں اب کچھ بھی نہیں ہے ، اس وقت کے پرا سیکیوٹر جنرل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ میگزین بھی کافی عرصے سے بند ہو چکا ہے اور اس معاملہ میں ویسے ہی ویکلی پلس کے اس وقت کے ایڈیٹر ثمر اقبال کا معافی نامہ جمع ہو چکا ہے، جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ اگر معافی نامہ جمع ہو چکا ہے تو ہمارے سامنے کیوں نہیں ہے۔