ملتان (سٹاف رپورٹر)ایکسائز آفس ملتان میں بائیومیٹرک نظام میں مسلسل سست روی کے باعث گاڑیوں کی رجسٹریشن و ٹرانسفر ملکیت کے امور تعطل کاشکار ہوکر رہ گئے ۔ سائلین ایکسائز آفس کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ یکم جنوری سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر ملکیت بائیومیٹرک تصدیق کے تحت شروع کی گئی تھی لیکن ساڑھے تین ماہ گزرنے کے باوجود بائیومیٹرک نظام سست روی سے دوچار ہے ۔واضح رہے کہ بایو میٹرک سسٹم کے بعد 8 جنوری کو ہی مینول نظام بلاک کردیا گیا تھا ۔نادرا سٹاف کی مسلسل کوششوں کے باوجودبائیومیٹرک نظام مکمل طور پر فعال نہیں ہوسکا ۔اس سے قبل ٹرانسپورٹ اور کار ڈیلر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے سخت احتجاج پر سابق صوبائی وزیر ایکسائز کی جانب سے بائیومیٹرک نظام کو دو ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھالیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ، کار ڈیلر ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ بائیومیٹرک تصدیق کو چند ماہ کیلئے موخر کیا جائے اور ایک جامع پالیسی تشکیل دی جائے جو محکمہ و سائلین دونوں کیلئے باعث اطمینان ہو۔