• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ بارز: ملتان میں چودھری عمر حیات،بہاولپور میں ثمینہ قریشی صدر منتخب

ملتان، بہاولپور (سٹاف رپورٹر/ مسعود چوہدری، سٹی رپورٹر) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات، ملتان میں چودھری عمر حیات صدارتی نشست پر بھاری لیڈ سے کامیاب ہو گئے، الیکشن میں ضلع بھکر کے وکلاء نے بھی ملتان بار میں ووٹ ڈالے۔ بہاولپور میں ثمینہ قریشی ایڈووکیٹ 1815 ووٹ حاصل کر کے بہاولپور کی تاریخ کی پہلی خاتون صدر منتخب ہو گئیں، دور دراز کی تحصیلوں سے وکلا روزے کی وجہ سے ملتان نہیں پہنچ سکے، تفصیل کے مطابق ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں چودھری عمر حیات صدارتی نشست پر بھاری لیڈ سے کامیاب ہو گئے، انہوں نے 3326 ووٹ لیے، مدمقابل امیدوار سید اطہر حسن شاہ بخاری نے 1896 ووٹ لیے۔جنرل سیکرٹری کی نشست پر کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں فیاض حسین لغاری 2737 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر سید مرتضیٰ مہدی بخاری، سید محسن عباس کاظمی اور چوہدری نعمان احمد مد مقابل تھے جبکہ لائبریری سیکرٹری کی نشست پر نادرہ نور اور سمیرا صدیق ملک مقد مقابل تھیں ان تمام نشستوں پر رات گئے تک ووٹوں کی گنتی جاری رہے۔ میمبرز ایگزیکٹیو کمیٹی کی 7 سیٹوں پر آمنہ خان، سید حسنین شاہ گیلانی، فرقان احمد خان، شیخ جنید طارق، مہر غلام شبیر سیال، سید مبارک علی شاہ اور محمد الیاس بلا مقابلہ پہلے ہی منتخب ہو چکے ہیں۔ الیکشن میں ضلع بھکر کے وکلاء نے بھی ملتان بار میں ووٹ ڈالے۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات سخت سکیورٹی میں انتہائی پُرامن ماحول میں ہوئے۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے ہائی کورٹ بار کا دورہ کیا، پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ کل رجسٹرڈ 13 ہزار 83 ووٹرز کے لیے 30 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے۔ رمضان المبارک کی وجہ سے ٹرن آؤٹ کم رہا۔ ہائی کورٹ چوک سے ایس پی چوک تک سڑک کو بیریئرز لگا کر بند کر دیا گیا، دور دراز کی تحصیلوں سے وکلا روزے کی وجہ سے ملتان نہیں پہنچ سکے۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں دیوانی اور فوجداری قوانین کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی سے متعلق قوانین کی کتب بھی سٹال پر سجائی گئی تھیں۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے الیکشن 27-2026 مکمل ہو گئے، حتمی نتائج کے مطابق صدارت کی امیدوار ثمینہ قریشی ایڈووکیٹ نے 1815 ووٹ حاصل کر کے بہاولپور کی تاریخ کی پہلی خاتون صدر منتخب ہو گئیں۔ جنرل سیکریٹری کے عہدے پر ثاقب طارق نے 1460 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ سینیئر نائب صدر کی سیٹ پر رانا محمد شیراز خالد 1331، مرزا محمد ندیم آصف 1214 ووٹ، جوئنٹ سیکریٹری کے لیے سردار عبداللّٰہ اقبال چنڑ 1298، ملک جاوید اقبال رڈ کو 1292 ووٹ ملے۔ اس موقع پر گروپ قائدین سردار محمود اقبال خاکوانی، ندیم اقبال چوہدری، شریف بھٹی، چوہدری ریاض احمد، سردار نجیب اللّٰہ خان، میمبر پنجاب بار کونسل سید ذیشان حیدر، طاہر محمود چغتائی، شازیہ جبیں، جمیلہ ناز سمیت دیگر وکلا نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔نو منتخب صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان چوہدری عمر حیات نے کہا کہ ملتان بار کو مضبوط اور باوقار بناؤں گا۔کیسز کے بوجھ میں کمی کیلئے ججز کی تعداد بڑھانے کی تحریک چلائیں گے۔
ملتان سے مزید