• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان جھڑپ کے پیچھے بھارت،اسرائیل کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا؛ لیاقت بلوچ

ملتان (سٹاف رپورٹر )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کشیدگی خطرناک رخ اختیار کرچکی، جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، قومی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے،پاک افغان جھڑپ کے پیچھے بھارت،اسرائیل کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس سے قبل بھی افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی رہی ہے، اور حالیہ جھڑپوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے حالات معمول پر رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع العلوم میں ملتان کی صحافی برادری کے اعزاز میں منعقدہ دعوت افطار کے موقع پر کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنا خطے کے امن کے لیے خطرے کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی طالبان کی قیادت سے مطالبہ کرے گی کہ جنگ دونوں ملکوں کے حق میں بہتر نہیں، اور علماءکی سطح پر ایک مرتبہ پھر کوشش کی جائے تاکہ کشیدگی کم ہو اور امن کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک سیاسی استحکام کے بغیر مستحکم نہیں ہوسکتا، جبکہ جنگوں کی صورت میں معیشت مزید تباہی کا شکار ہوتی ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف ہماری فورسز قربانیاں دے رہی ہیں ایسے وقت میں وزیر اعظم، عسکری قیادت اور پارلیمان کو آگے بڑھ کر ملک کے معاملات میں اپنا مو ثر کردار ادا کرنا ہوگا ۔
ملتان سے مزید