• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاؤنٹی کرکٹ، شاہین کا متاثرکن آغاز، حسن کی بھی تباہ کن بولنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش کائونٹی چیمپئن شپ میں جمعرات کو مڈل سیکس کیلئے متاثر کن ڈیبیو کیا۔ گلمورگن کے خلاف شاہین شاہ نے نئی گیند سے بولنگ شروع کی اور پہلے اسپیل میں دو اور اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے آسٹریلوی مارنوس لیبوشین کو8رنز پر بولڈ کردیا اگلی گیند پرسیم نارتھ ایسٹ کو بھی آئوٹ کردیا۔ گلمورگن نے پانچ وکٹ 30رنز پر گر گئے۔اور پوری ٹیم 122رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ شاہین شاہ 2021میں آئی سی سی کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ فاسٹ بولر حسن علی بھی فارم میں آگئے ہیں، انہوں نے لنکاشائر کی جانب سے گلاسٹر شائر کیخلاف اننگز میں چھ وکٹیں لیں ۔ انہوں نے سترہ اوورز میں 47رنز دے کر چھ کھلاڑی آئوٹ کئے۔ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو گلاسٹر شائر نے کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے حاصل کیا ہے لیکن بدقسمتی سے کندھے کی تکلیف کے سبب کاؤنٹی چیمپئن شپ کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں صرف گیارہ اوورز ہی کروا پائے ۔ وہ ایک ماہ کیلئے ان فٹ ہوگئے ہیں ان کی جگہ فاسٹ بولر محمد عامر سے معاہدہ ہوسکتا ہے۔ کاؤنٹی چیمپئن شپ کے تیسرے راؤنڈ میں آٹھ پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔ ڈویژن ایک میں محمد عباس ہیمپشائر جبکہ حسن علی لنکاشائر ، ظفرگوہر گلاسٹرشائر جبکہ حارث رئوف یارک شائر کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ڈویژن دو میں شاہین شاہ آفریدی مڈل سکس اور اظہر علی ووسٹر شائر کے لئے کھیل رہے ہیں۔ محمد رضوان سسکس جبکہ شان مسعود ڈاربی شائر کی ئندگی کررہے ہیں۔ شاداب خان سے بھی یارکشائر کاؤنٹی نے معاہدہ کیا تاہم وہ صرف ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اظہر علی کا ووسٹر شائر کی طرف سے یہ پہلا سیزن ہے۔ وہ سمرسٹ کے خلاف پہلی اننگز میں صفر پر رن آؤٹ جبکہ دوسری اننگز میں دو رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اسپورٹس سے مزید