• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مری،محکمہ ہائی وے میکینکل کی رپورٹ مسترد، ایکسین طلب

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری کے موقع پر مری میں تعینات برف ہٹانے والی مشینوں اور آپریٹرز کے حوالے سے محکمہ ہائی وے میکینکل پنجاب کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ایکسین میکینکل ہائی وے راولپنڈی کو پیر کوطلب کرلیا ہے۔عدالت عالیہ نے حالیہ سیزن میں مری میں گیارہ سو پچاس ٹن نمک چھڑکائو پر حیرت کا اظہار کیا اور قرار دیا کہ ساری طوطا کہانی ہے،عدالت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے، حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،24/25لاکھ روپے کا نمک ٹھیکیدار کے ذریعے چھڑکنے کے دعوی پر عدالت عالیہ نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کھانچے بند ہوجائیں تو سب ٹھیک ہوجائے،پہلا وزیر اعظم بھی ہاتھ میں کشکول لے کر دنیا میں گھوم رہا تھا جواب وزیر اعظم آیا وہ بھی کشکول لے کر بھاگتا رہے گا،عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ پیر کو مری انتظامیہ کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات،ہوٹلز اور دیگر پوائنٹس پر رپورٹ کو یقینی بنایا جائے،کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وہ نہ ہو کسی کو ہتھکڑیاں لگ جائیں،ہائی وے کی رپورٹ کے مطابق سانحہ مری کے موقع پر مری میں چھ بلور مشینیں اور ایک مکمل آپریٹر اورپانچ مشین چلانے کی سمجھ رکھتے تھے،جس کو عدالت عالیہ نے مسترد کردیا،عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ پہلے عدالتی حکم کے اردگرد ہی تمام محکموں کی رپورٹس گھوم رہی ہیں، محکموں کو کس نے کام سے روکا ہے،دراصل ان کو خدا کا خوف ہی نہیں ہے ،محکمے اپنی نااہلی اور نالائقی کو چھپانے کیلئے عدالت کو کنفیوژن میں ڈال رہے ہیں،ہائی وے والوں نے سو صفحات سے زیادہ کی رپورٹ داخل کی ہے لیکن کوئی بات واضح نہیں ہے،عدالت عالیہ نےسماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کیس کو جلد از جلد منطقعی انجام تک پہنچانا چاہتی ہے۔
اسلام آباد سے مزید