• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ترقی ‘ میئر کا وفاق سے میگا پراجیکٹ لانے کا اعلان

پشاور (جنگ نیوز ) میئر پشاور حاجی زبیر علی نے پشاور شہر کی ترقی کیلئے وفاق سے میگا پراجیکٹ لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور شہر سمیت دیہی علاقوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر ہو اس سلسلے میں جلد سٹی کونسل ممبران پر مشتمل وفد کے ہمراہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جائیگی ۔ وہ گزشتہ روز کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چیئرمین تحصیل پشتہ خرہ ہارون صفت ‘ ‘ ڈائریکٹر فنانس شوکت خان ‘سابق ناظم اللہ دادخان اور سٹی کونسل کے چیئرمینوں اسماعیل ‘زاہد شاہ ‘ محمد عارف ‘ محمد جمیل ‘ گوہر زمان‘ ملک شاہد ‘ آفرید ی خان ‘ صابر خان ‘ زر محمد ‘ عزیر الرحمان اوردیگر بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیئرمینوں نے مئیر کو اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس میں بجلی و گیس لوڈشیڈنگ اور صفائی کی ابتر صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا جس پر میئر حاجی زبیر علی نے سٹی کونسل ممبران کو تمام تر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے منتخب نمائندے عوام کی بلا تفریق خدمت کو یقینی بنائیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جلد ڈینگی سپرے کرنے کا آغاز کیا جائے گا تاکہ پیشگی اقدامات کی بدولت ڈینگی پر قابو پایا جا سکے ۔شہر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے سمیت دیگر مسائل حل کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔
پشاور سے مزید