• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں 51 لاکھ 32 ہزار‘ سندھ میں 23 لاکھ ٹن چینی بنی

اسلام آباد (حنیف خالد) پنجاب میں 51لاکھ 32ہزار ‘ سندھ میں 23لاکھ ٹن چینی بنی، خیبر پختونخوا میں گنے سے ساڑھے 4لاکھ‘ چقندر سے 50ہزار ٹن چینی شوگر ملوں نے بنائی۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق چینی پر 12روپے 28پیسے فی کلو سیلز ٹیکس کی وصولی جاری ہے۔ تینوں صوبوں میں سیلز ٹیکس کی شرح یکساں وصول کی گئی ہے۔ سینٹرل پنجاب میں گنے کی اوسط قیمت 248روپے فی من بتائی گئی ہے جس میں ریکوری نائن پوائنٹ ٹین فیصد ہے۔ سنٹرل پنجاب کی شوگر ملوں کی خام چینی کی پیداواری لاگت فی کلو 68روپے 13پیسے ہے جس پر 12روپے 28پیسے فی کلو سیلز ٹیکس لیا جا رہا ہے۔ ملنگ کاسٹ جس میں اسٹاف کی سیلری بھی شامل ہے کو شامل کر کے سنٹرل پنجاب میں فی کلو چینی کی پیداواری لاگت 84روپے 41پیسے بنتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں گنے کی اوسط قیمت 252روپے فی من ہے جس میں ریکوری ٹین پوائنٹ ٹین فیصد ہے۔ خام چینی کی پیداواری لاگت 62روپے 37پیسے ہے‘ اس پر 12روپے 28پیسے فی کلو سیلز ٹیکس ہے۔ ملنگ کاسٹ جس میں سٹاف کی سیلری بھی شامل ہے ملا کر فی کلو چینی کی پیداواری لاگت 78روپے 65پیسے ہے۔ لوئر سندھ میں گنے کی اوسط قیمت 200روپے فی من ہے۔ ریکوری ٹین پوائنٹ ٹو فیصد ہے۔ خام چینی کی اوسط پیداواری لاگت 70روپے 73پیسے ہے جس پر 12روپے 28پیسے ایف بی آر سیلز ٹیکس وصول کر رہا ہے۔ سٹاف کی سیلری سمیت ملنگ کاسٹ فی کلو 87 روپے 2پیسے بنتی ہے۔ اپر سندھ میں گنے کی قیمت 262 روپے فی من ہے‘ ریکوری دس فیصد ہے۔ خام چینی کی پیداواری لاگت 65روپے پچاس پیسے ہے جبکہ ایف بی آر 12روپے 28پیسے فی کلو ٹیکس وصول کر رہا ہے۔ ملنگ کاسٹ جس میں سٹاف کی سیلری بھی شامل ہے چینی کی اوسط پیداواری لاگت 81روپے 78پیسے ہے۔
ملک بھر سے سے مزید