کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری میں زائد داخلے کے تنازعے پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین بینچ کے روبرو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری میں زائد داخلے کے تنازعے سے متعلق کالج انتظامیہ کی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ میڈیکل کالج کے وکیل نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی جانب سے تمام میڈیکل کالجز کو داخلے کا کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے۔ میڈیکل کالج لیاری میں لیاری ٹاؤن کے لئے 15 نشستوں کا کوٹہ دیا ہے۔ متاثرہ طالبہ کا داخلہ لیاری ٹاؤن میں نہیں آتا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے داخلے طے شدہ کوٹہ سے بڑھ جائیں گے۔ ممکن ہے زائد داخلوں کی بنیاد پر پی ایم ڈی سی طالبہ کے ڈگری کو تسلیم نہ کرے۔