• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر پشاور کا نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر کھیلوں کے انعقاد کا اعلان

پشاور (لیڈی رپورٹر)میئر پشاور حاجی زبیر علی نے نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کیلئے مثبت سرگرمیاں منعقد کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس و یوتھ افیئرز پشاور کے زیر اہتمام مختلف علاقوں میں باقاعدہ کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے ۔ وہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر و یوتھ افیئرز پشاور افتخار علی شاہ کی جانب سے محکمے کے بارے میں بریفنگ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ تحصیل پشتہ خرہ ہارون صفت سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر و یوتھ افیئرز پشاور افتخار علی شاہ نے میئر پشاور کو بریفنگ دیتے ہوئے سٹاف کی کمی ‘ ادارے کی کارکردگی ‘ سرگرمیوں کے انعقاد اور دیگر امور بارے آگاہ کیا جس پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے انہیں تمام مسائل دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا اور باقاعدہ نوجوانوں کیلئے کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے بچانے کیلئے نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی جس سے نچلی سطح پر نوجوانوں کی ٹیلنٹ میں نکھار لایا جا سکے گا ۔
پشاور سے مزید