اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کیلئے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے ، سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے۔انہوں نے یہ بات اتوارکو سویٹ ہوم اسلام آباد کے دوررہ کے موقع پرمنعقدہ تقریب نور سحر میں بطور مہمان خصوصی کہی۔ سپیکر نے کہاکہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کیلئے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے ، جس خوب صورت ماحول میں ان بچوں کی تعلیم و تربیت ہو رہی ہے یہ ان کی کامیابی کی ضمانت ہے، سویٹ ہومز میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ماحول کی فراہمی یقیناً قابل رشک ہے۔ راجہ پرویزاشرف نےکہاکہ انہیں بطور وزیراعظم بھی سویٹ ہوم میں آنے کا موقع ملا تھا، انہوں نے کہاکہ وہ پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے سویٹ ہومز سمیت دیگر فلاحی اداروں کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم معجزات کی دنیا ہے میں ان بچو ں کے لیے جو سوچتا ہوں اللہ تعالیٰ وہ کرا دیتے ہیں۔ میں نے سیاست سے الگ ہو کر اپنی زندگی ان بچوں کے لیے وقف کر دی ہے ۔ تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی، وفاقی وزیر مرتضٰی جاوید عباسی ، سابق ایم این اے فیصل کریم کنڈی، ندیم افضل چن ، مرتضیٰ ستی ، بیرسٹر عابد وحید شیخ ، راجہ جہانگیر علی اکبر، راجہ سفیر علی اکبر، چمبر آف کامرس اسلام آباد کے صدر شکیل منیر، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری یٰسین ، افضل بٹ، پریس کلب کے صدر انور رضا، انجم عقیل خان ، نوید ملک ،راجہ کامران ، راجہ شاہد پپو ، و دیگر شریک ہوئے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم میں آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے یہاں پر بچوں اور بچیو ں کو جو تعلیم دی جا رہی ہے وہ بہترین ہے ۔ وفاقی وزیر مرتضٰی جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ ہم اس نیک کام میں زمرد خان کے ساتھ ہیں یقینا یہ ایک بہترین کام ہے جس کے لیے اللہ تعالیٰ چند مخصوص بندوں کے ذریعے یہ کام کراتا ہے ۔