اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فیک نیوز پی ٹی آئی کی پہچان اور جھوٹ طرہ امتیاز ہے، فواد چوہدری ٹویٹ کرنے سے پہلے یہ تو جان لیتے کہ کوئی صحافی سرکاری خرچ پر وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پر نہیں جا رہا، وزیراعظم شہباز شریف بھی ذاتی خرچ پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ پیر کو چوہدری فواد حسین کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر کو صحافیوں کے خلاف بے ہودہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بطور وزیراعلی پنجاب دس سال تک بیرون ملک سفر کے اخراجات ذاتی جیب سے کرتے رہے ہیں لیکن سچائی اور پی ٹی آئی دو متضاد چیزیں ہیں۔ میڈیا نے پی ٹی آئی پر احسان کیا تھا عمران خان نے چار سال اپنے شر سے میڈیا کو اس کا خوب بدلہ دیا۔ صحافیوں کو کبھی سازش میں ملوث کرتے ہیں تو کبھی دوروں کے جھوٹے ٹویٹ چلاتے ہیں۔