لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھالیا، گورنر کے مسلسل انکار کے بعد لاہور ہائیکورٹ کےحکم پراسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے گورنرہائوس میں حلف لیا۔
تقریب حلف برداری کےموقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات، حمزہ شہبازکے وزیراعلیٰ ہائوس پہنچنے پر گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔
حمزہ شہباز نے داتا دربار پر حاضری دی، حمزہ شہباز نے کہاکہ پی ٹی آئی گورنر نے ہائیکورٹ کے فیصلوں کا مذاق اڑایا، ہمارے پاس وقت کم چیلنجز زیادہ ہیں لوگوں کوریلیف دینگے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہبازسے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے ملاقات کی، حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کے گھرگئے ان کی صحت دریافت کی اورسیاسی تعاون پر شکریہ ادا کیا، ملاقات میں حکومت سازی پربھی گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کےمطابق حمزہ شہباز نے پنجاب کے 21ویں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔لاہورہائیکورٹ کےحکم پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہبازسےحلف لیا۔
چیف سیکرٹری نے حلف لینے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا حکم پڑھ کرسنایا،حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس کے لان میں ہوئی ، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
تقریب میں وزیرداخلہ راناثنااللہ، (ن)لیگ کی نائب صد رمریم نواز، شریف فیملی کے دیگر افراد، وفاقی وزراء ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، پارٹی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران ، متحرک کارکنان سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حلف لینےکےبعدوزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو مبارکباد دی جبکہ پنڈال میں موجود لیگی رہنمائوں اور کارکنان نے شیر شیر کے نعرے لگائے ۔مریم نواز ، وفاقی وزراء اور دیگر نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ۔
گورنر ہائوس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہائوس جانے کی اجازت نہیں دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔
تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنے کہا کہ ہمارے پاس وقت تھوڑا ہے اور چیلنجز بہت زیادہ ہیں،گزشتہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت کئی چیلنجز چھوڑے ہیں، امن و امان کی صورتحال کا بھی مسئلہ ہے۔یہ صرف (ن) لیگ کی حکومت نہیں یہ سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے، جس وجہ سے سب کوملکر فیصلہ لینا ہوتا ہے۔
چاہتے ہیں لوگوں کو ریلیف دیں۔ حمزہ شہبازکی وزیراعلیٰ آفس آمد، گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی۔
حمزہ شہبازنے افسروں و عملے کو محنت سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتےہوئےکہاکہ یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے،عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی کیلئےنئےعزم اورجذبے سے کام کرناہوگا،پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض انجام دینا ہونگے،حمزہ شہباز نےداتا دربارپر حاضری دی،حمزہ شہبازنے پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔
وزیراعلی پنجاب سے آئی جی پنجاب نے ملاقات کی جس میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازشریف سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے ملاقات کی جس میں حمزہ شہبازکو انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں وزیراعلی حمزہ شہباز نے صوبے کی عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پی ٹی آئی ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین کےگھرگئے۔
حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کی صحت دریافت کی اور نیک خواہشات کااظہاکیا،ملاقات میں پنجاب کی حکومت سازی کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔