راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے مری ٹورازم پولیس کا آغاز کر دیا۔ آر پی او اور سی پی او راولپنڈی نے ہفتہ کو لوئر ٹوپہ کے مقام پر مری ٹورازم پولیس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان نے بتایا کہ شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت اور خدمت کیلئے تھانہ پتریاٹہ اور تھانہ پھگواڑی بھی آج سے فنکشنل کر دیئے گئے ہیں۔ مری میں ایس پی کوہسار پہلے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ مری ٹورازم پولیس کیلئے خصوصی طور پر تربیت یافتہ فورس تعینات کی گئی ہے جس میں مرد اور خواتین افسران و اہلکار شامل ہیں۔ آر پی او نے مزید کہا کہ مری ٹورازم پولیس میں ابتدائی طور پر150 پولیس افسران اور اہلکار، ایک خصوصی ٹورسٹ وین، 3خصوصی طور پر تیار گاڑیاں، 25موٹر سائیکلز، گھڑ سوار دستہ شامل ہیں جس میں بعد ازاں مزید اضافہ کر دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ مری ٹورازم پولیس کو خصوصی طور پر تیار کردہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل فراہم کی گئی ہیں جبکہ سیاحوں کیلئے خصوصی ٹورازم وین بھی تیار کی گئی ہے۔ سیاحوں کی حفاظت و سہولت کیلئے ٹورازم پولیس میں گھڑ سوار اہلکار بھی فرائض انجام دینگے۔ آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ مری ٹوررازم پولیس سیاحوں کو مدد، تحفظ اور سہولت فراہم کرتے ہوئے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کریگی۔ مری میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد پنجاب کے دیگر اضلاع جہاں سیاحتی مقامات موجود ہیں جیسا کہ فورٹ منرو، ننکانہ، کٹاس راج، کلر کہار وغیرہ میں بھی پنجاب ٹورازم پولیس کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا۔ سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے مری ٹورازم پولیس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری ٹورازم پولیس کا آغاز سیاحوں کی سہولت کیلئے خاص طور پر عیدالفطر سے قبل کیا گیا ہے۔ سیاحوں کی حفاظت اور سہولت راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ سیاحوں کیلئے مری ٹورازم پولیس ہفتہ میں سات دن چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دیگی۔ سی پی او نے کہا کہ عید کی چھٹیوں اور لانگ ویک اینڈ کیلئے سیاحوں کی سہولت کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ مری آنے والے سیاح کسی بھی راہنمائی کے حصول یا ایمرجنسی کی صورت میں مری ٹورازم پولیس کی ہیلپ لائن 1757پر کال کر سکیں گے۔ سیاحوں کی آگاہی اور راہنمائی کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھٹیوں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائیگا‘ مری ٹورازم پولیس کی افتتاحی تقریب میں پولیس افسران‘ مقامی انتظامیہ کے افسران‘ بار کے عہدیدار، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان نے بعدازاں سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان، چیف ٹریفک آفیسر نوید ارشاد، ایس پی کوہسار حیدر علی اور یو ٹی اے ایس پی، ایس ایچ او مری، ایس ایچ او پتریاٹہ اور ایس ایچ او پھگواڑی کو ٹورسٹ فورس کے قیام میں بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے۔