• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاتھ وے پروگرام کا حصہ قرار، جونیئر لیگ میں فرنچائزز کی دلچسپی پر کرکٹ بورڈ خوش

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عام تاثر یہی ہے کہ جونیئر ٹی20 لیگ سے کھلاڑیوں کی تکنیک خراب ہوگی اور اس ٹورنامنٹ سے پی ایس ایل کی فرنچائزز خوش نہیں ہیں ۔ البتہ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کیلئے فرنچائز اور کارپوریٹ سیکٹر کو اعتماد میں لیا گیا تھا یہ تاثر غلط ہے کہ فرنچائز اس لیگ کرانے پر خوش نہیں ہیں۔ پاکستان جونیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔ چیئرمین بورڈ رمیز راجا نے کہا کہ اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز کھیل اور ادارے کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ فرنچائز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرنے والوں کے شکرگذار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ حال ہی میں لانچ کیے گئے پی سی بی پاتھ وے کرکٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ چھ شہروں سے منسوب فرنچائز ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ یکم سے 15اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں19 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر ٹیم میں ایک شہرہ آفاق کرکٹر بحیثیت مینٹور یا کوچ موجود ہوگا۔ پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت پی سی بی اور اس کے دو شراکت داروں، بی آر بی گروپ اور اینگرو کارپوریشن نے 100 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو تعلیمی اسکالرشپ اور غیرملکی کوچز سے تربیت کے علاوہ 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ کا اعلان بھی کررکھا ہے۔ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 7کے کامیاب انعقاد کے بعد ممکنہ اسپانسرز نے جونیئر لیگ میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اگلے مرحلے میں اب پی سی بی عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے لئے ٹینڈر جاری کرے گا۔ دریں اثنا رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیشہ دوسرے بورڈز کی سنتا آیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کو انٹرویومیں ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ ہونا یکطرفہ فیصلہ تھا اگر بڑے کرکٹ بورڈز کے مطابق فیصلہ نہیں ہوگا تو پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔

اسپورٹس سے مزید