کراچی (اسٹاف رپورٹر)فاسٹ بولر حارث رؤف کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ہلکی نوعیت کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔ان کے بائیں بازو میں کھنچائو ہے۔ بقیہ میچوں میں شرکت مشکوک ہے۔ یارک شائر کی نمائندگی کرنے والےحارث رؤف کینٹ کے خلاف دوسری اننگز میں میدان میں نہیں اترے۔ کینٹ کی پہلی اننگز میں حارث نے 14اوورز میں 65 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے تھے۔ ڈاربی شائر کےشان مسعود گلمورگن کےخلاف دوسری اننگز میں 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔وہ محض تین رنز کے فرق سے اپریل کے مہینے میں فرسٹ کلاس میچز کا عالمی ریکارڈ قائم نہ کرسکے، انہوں نے مجموعی طور پر 712 رنز بنائے ۔ خیال رہے کہ سمرسیٹ کے نک کامپٹن نے 2012 کے اپریل میں 715 رنز بنائے تھے۔لنکا شائر کیلئےہیمپشائر کے خلاف حسن علی نے دوسری اننگز میں16 اوورز میں72رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ پاکستانی کرکٹر محمد رضوان اور بھارتی بیٹر چتیشور پجارا سسکس کیلئےکھیل رہے ہیں ۔ ہفتے کو چتیشور پجارا نے ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ محمد رضوان 79رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ دونوں کے درمیان154رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ادھرفٹنس کے مسائل سے دوچار فاسٹ بولر نسیم شاہ نے نیٹ پر بولنگ شروع کردی ہے۔