کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد اس مرتبہ عیدالفطر کی خوشیاں، مسرتیں اور رونقیں بحال ہوگئی ہیں، شاپنگ سینٹروں اور بازاروں میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ، تو فن کاروں نے بھی اپنی فلموں کے پروموشن کے لیے شاپنگ مالز کا رُخ کیا۔ مداحوں کے ساتھ خُوب سیلفیاں بنوائیں۔ عام طور پرعیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد سینما گھروں، تھیڑز، پارکوں اور دیگر تفریحی مقام کا رُخ کرتے ہیں۔ دو برس کے وقفے کے بعد اس مرتبہ شوبزنس سرگرمیاں اپنے عُروج پر دیکھنے کو ملیں۔ فلموں کے ٹریلرز اور موسیقی کی تعارفی تقاریب کا انعقاد شان دار انداز میں کیا گیا۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے ٹائٹینک کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے عمدہ انداز میں کوششیں کی جارہی ہیں۔ امسال عیدالفطر پر پانچ فلموں کے مابین زبردست ٹاکرا ہوگا۔ جیت کا تاج کس ڈائریکٹر کے سرسجے گا، اس کا فیصلہ عید کے تین دِنوں میں سامنےآجائے گا۔ نئی پاکستانی فلموں کو پریمیئرز کے موقع پر فن کاروں کی غیر معمولی دل چسپی دیکھنے کو ملی۔ فن کار ایک دوسرے کی فلموں کو پروموٹ کرنے کے لیے کھلے دل سے آگے بڑھ رہے تھے۔ سپر اسٹارز نے فلمی تقریبات میں شرکت کی۔ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کی۔ اگر تمام فن کار ایک جگہ متحد ہو جائیں، تو فلم انڈسٹری کے مسائل میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ سینما مالکان سرمایہ دارانہ ذہنیت ختم کرکے فن اور فن کار کے لیے کام کریں ، تو نہ صرف انڈسٹری ترقی کرے گی ،بلکہ مزید سینماگھربھی تعمیر ہوں گے۔
عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے ایک جانب سینما گھروں میں ہائوس فل کے بورڈز نظر آئیں گے، تو دوسری جانب اسٹیج ڈراموں میں قہقہوں کا طوفان برپا کیا جائے گا اور کچھ آرٹ کے دل دادہ گھروں میں بیٹھ کر جیو ٹی وی کی اسکرین پر ٹیلی فلموں، عید شوز اور دل چسپ پروگراموں سے لطف اندوز ہوں گے۔ سب سے پہلے قارئین کو عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کے بارے میں کچھ آگاہ کردیں۔ اس سال پانچ فلمیں سینما گھروں کی زینت بن رہی ہیں۔ ان فلموں کی کام یابی کے بعد کچھ نئے فلم اسٹار سامنے آئیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیلی ویژن ڈراموں کے جانے مانے فن کار، سینما اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔
ان فن کاروں میں ٹیلی ویژن نگری میں ’’بھولے‘‘ کے کردار سے غیر معمولی شہرت رکھنے والے باصلاحیت اداکار عمران اشرف، ڈراموں کی مقبول اداکارہ امرخان، سوشل میڈیا اسٹار جنت مرزا، درجنوں ٹیلی ویژن ڈراموں کے معروف فن کار زاہد احمد اور سید جبران بھی پہلی مرتبہ فلموں میں نظرآئیں گے۔ ان پانچوں فلموں کی کہانیاں بھی الگ الگ اور ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ سینئراداکار جاوید شیخ دو فلموں میں نظرآئیں گے، جب کہ اس بارپر مداح فلموں اور ڈراموں کی سپر اسٹار ماہرہ خان، مہوش حیات، مایا علی، کبریٰ خان، ماورا حسین، عروہ حسین، عائشہ عمر اور سوہائے علی ابڑو کی کوئی فلم نہیں دیکھ سکیں گے۔
مذکورہ فن کاروں نے گزشتہ برسوں میں عید کی فلموں میں عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کرکے خُوب نام کمایا تھا۔ البتہ رواں برس بڑی عید پر ان میں سے کئی فن کارائوں کی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنے گیں۔ ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، بلال اشرف اور شہریار منور بھی عیدالفطر کی کسی فلم میں جلوہ گر نہیں ہوں گے۔ فلم بین اپنے پسندیدہ فن کاروں کی فلموں کا انتظار کر رہے ہیں۔2022کی عیدالفطر پر سب سے پہلے ہم ذکر کریں گے، ہدایت کار ثاقب خان، حسن ضیاء اور جیو فلمز کی مشترکہ پیش کش’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ کا، اس فلم کی لیڈنگ کاسٹ میں لالی وڈ اور بالی وڈ میں اداکاری کا لوہا منوانے والی اداکارہ صبا قمر، زاہد احمد ، سید جبران، افضل ریمبو، نیر اعجاز اور دیگر شامل ہیں۔ فلم کی پُوری کہانی صبا قمر کے گردگھومتی نظرآئے گی، جو اس فلم میں زوبی سے زبیدہ بنتی دکھائی دیں گی۔ اداکار زاہد احمد ایک بہادر پولیس والے کے کردار میں نظرآئیں گے۔
اس سلسلے میں فلم اسٹار صباقمر کا کہنا ہے کہ ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ سے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ ایک غیر سیاسی اور ہلکی پھلکی مزاحیہ فلم ہے۔ میں تو بچپن سے سُنتی آئی ہوں کہ ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘۔ اس لیے میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ زاہد احمد اور سید جبران کے کردار بھی نہایت دل چسپ ہیں۔ یہ فلم عید کی خوشیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔‘‘ اس فلم کے پریمئیرمیں فن کاروں کا کہنا تھا کہ صبا قمر نے پانچ فلموں کا ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا ہے۔ انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ صفِ اول کی فن کارہ ہیں۔ پروڈیوسر جمیل بیگ، حسن ضیا اور جیو فلمز نے دھماکے دار انٹری دی ہے۔ کراچی کے پریمئیر شو میں فن کار ایک دوسرے کو فلم میں عمدہ کردار نگاری پر گلے مل کر داد دے رہے تھے۔ ہدایت کار ثاقب خان نے اپنی پہلی ہی فلم میں خود کو بڑا ڈائریکٹر ثابت کردیا ہے۔
جیو فلمز، شوکیس فلمزاور ایور ریڈی پکچرز کی نئی فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ بھی عید دنگل میں شامل ہے۔ ہدایت کار وجاہت رئوف کی یہ چوتھی فلم ہے۔ اس مرتبہ وہ ہانیہ عامر اور علی رحمان کی جوڑی کو نئے رنگ میں پیش کر رہے ہیں۔ فلم میں جاوید شیخ بھی اہم کردار میں نظرآئیں گے۔ فلم کی کہانی، شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے، جو اولاد کی نعمت سے محروم ہوتے ہیں۔ فلم کے کئی سین ایسے بھی ہیں، جنہیں دیکھ کر فلم بینوں کی آنکھیں بھیگ جائیں گی۔ وجاہت رئوف نے ایک سنجیدہ مسئلے کو شگفتہ انداز میں پیش کیا ہے۔ ’’پردے میں رہنے دو‘‘ کا پروموشن شان دار انداز میں کیا گیا۔ وجاہت رئوف، ہانیہ عامر اور علی رحمان فلم کی کام یابی کے لیے بہت پُرجوش دکھائی دے ہے ہیں ۔ چندافراد نے یہ فلم دیکھی ہے، وہ اسے کام یاب قراردے رہے ہیں۔ عید دَنگل میں یہ فلم کیا رنگ جمائے گی۔ اس کا فیصلہ دو تین روز میں سامنے آجائے گا۔
ہدایت کار اور اداکار یاسرنواز اِن دِنوں جیو کے دو ڈراموں میں اداکاری کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کی نئی فلم ’’چکر‘‘ عید فلم فیسٹیول کاحصہ ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں نئی نسل کے مقبول چاکلیٹی ہیرو احسن خان اور نیلم منیر کے علاوہ یاسر نواز اور جاوید شیخ بھی یادگار کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔ یاسر نواز نے پہلی بار حسن ضیاء کے بغیر فلم بنائی ہے۔ اس سے قبل وہ حسن ضیاء کے ساتھ تین فلمیں بناچکے ہیں ۔ ندا یاسر نے فلم سازی میں اپنے شوہر یاسر کا مکمل ساتھ دیا ہے۔ فلم کی موسیقی نوید ناشاد نے شان دار انداز میں ترتیب دی ہے۔ احسن خان اور نیلم منیر کی جوڑی دوسری مرتبہ سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس سے وہ قبل فلم ’’چھپن چھپائی‘‘میں بھی عمدہ کام کرچکے ہیں۔ فلم کی کہانی باقی فلموں سے بالکل مختلف ہے۔ نیلم منیر پہلی مرتبہ کسی فلم میں ڈبل رول میں نظرآئیں گی۔ نیلم منیر نے ایک ملاقات میں بتایا کہ احسن خان کے ساتھ میری کیمسٹری بہت اچھی ہے۔ ہم نے کئی ڈراموں میں بھی ساتھ کام کیا ہے۔ ہماری فلم نمبر ون ثابت ہوگی۔ اس فلم کی کام یابی سے سینما گھروں کی رونقیں لوٹ آئیں گی۔ احسن خان کا کہنا ہے کہ فلموں کو کام یاب بنانے کے لیے سینما گھروں کے ٹکٹس سستے کرنے ہوں گے، تاکہ عام آدمی اس تفریحی سے لطف اندوز ہوسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عید پر ہم سب اپنے اردگرد کے لوگوں کا خاص خیال رکھیں ۔ عید کے فوراً بعد میری ایک اور فلم ’’رہبرا‘‘ بھی ریلیز ہوگی، جس میں عائشہ عمر ہیروئن ہوں گی۔ فلمی سرگرمیاں دیکھ کر دل خوش ہوا۔‘‘
اداکارعدنان صدیقی اور امر خان کی فلم ’’دم مستم‘‘ بھی عید کے دَنگل میں شامل ہے۔ اس میں امر خان اور عمران اشرف مرکزی کرداروں میں نظرآئیں گے۔ ہدایت کار احتشام الدین نے ایک عمدہ فلم بنائی ہے۔ فلم بین اسے کتنا پسند کرتے ہیں، وہ تو وقت بتائے گا۔ تاہم فلم کی موسیقی بہت جان دار ہے، ان پانچ فلموں میں سے صرف دو فلمیں ایسی ہیں، جو مختلف ممالک میں ریلیز کی جائیں گی۔ ان میں ’’پردے میں رہنے دو‘‘ اور ’’دَم مستم‘‘ شامل ہے۔ دم مستم کی کاسٹ عید کے فوراً بعد برطانیہ روانہ ہو جائے گی، جہاں وہ فلم کے بڑے شوز میں شرکت کریں گی۔
ڈائریکٹر سید نور کی ”تیرے باجرے دی راکھی“ بھی عید الفطر پر سنیماؤں کی زینت بنے گی۔ نئی فن کار جوڑی جنت مرزا اور عبد اللہ خان جان دار کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کی دیگر اسٹار کاسٹ میں صائمہ، بابر علی، مصطفٰی قریشی، عرفان کھوسٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔ ڈسٹربیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید کا کہنا ہے کہ ’تیرے باجرے دی راکھی“ چوڑیاں کی طرح بھرپور بزنس کرے گی۔ اس میں پنجاب کی ثقافت اور اقدار کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ فلم میں کئی نئے چہرے متعارف کروائے گئے ہیں، جو فلم بینوں کو پسند آئیں گے۔‘‘ امید کی جارہی ہے کہ اس بار عید پر ریلیز ہونے فلمیں روٹھے ہوئے فلم بینوں کو سنیما گھروں تک واپس لے آئیں گی۔ اسی طرح کراچی میں پیش کیے والے اسٹیج ڈرامے بھی اُداس چہروں ہر مسکراہٹیں بکھیریں گے۔