• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک شدید ترین معاشی خطرات میں، ان پر قابو پانا حکومت اور اس کے اتحادیوں کی مشترکہ ذمہ داری، وزیراعظم شہباز شریف

لاہور، اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہےکہ ملک شدید ترین معاشی خطرات میں ہے، ان پر قابو پانا حکومت اور اسکے اتحادیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے.

 گزشتہ پونے چار سال شاہد خاقان ، رانا ثناء، سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت ہم سب کو انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا، جلد ہی قوم سے خطاب کروں گا.

وزیراعظم نےصدرعلوی، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر، آصف زرداری سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین ، وزراء اعلیٰ، سروسز چیفس اور سعودی ولی عہد کو ٹیلیفون کرکے عیدالفطر کی مبارکبادبھی دی،ادھر پاکستان اور امارات نےدوطرفہ معاشی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیاہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم محمدشہباز شریف نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد جاتی امرا ء میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید ترین معاشی خطرات میں گھرا ہے، ہمیں مشکلات کا اندازہ ہے ان پر قابو پانا حکومت اور اس کے اتحادیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے،مل کر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے.

 گزشتہ پونے 4سال میں ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، مریم نواز، حمزہ شہباز انتقام کا نشانہ بنتے رہے، میں ان تمام قائدین اور کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں،جلد ہی قوم سے خطاب کروں گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آج گلہ کرنے کا نہیں بلکہ گلے ملنے کا دن ہے،آج کا دن قوم کے یک قالب ہونے اور مل کر مسکرانے کا دن ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کو عید کی دلی مبارکباد بھی پیش کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سروسز چیفس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی.

 وزیراعظم نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کو بھی ٹیلیفون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم میڈیا ونگ کے بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا،انہیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لئے عید کی مبارک کا پیغام دیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ معاشی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تسلسل میں متحدہ عرب امارات کے معاشی وفد نے منگل کو کو پاکستان کا اہم دورہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی .

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور خاص طور پر معاشی محاذ پر ان تعلقات کو بلندیوں کی ایک نئی سطح پر لیجانے کی خواہشمند ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عید الفطر کی تعطیلات میں معاشی وفد کی آمد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔

اہم خبریں سے مزید