کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عید الفطر کی نماز پولو گرائونڈ میں ادا کی، سینئر ڈپٹی کنوینرعامر خان،ڈپٹی کنوینر وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی اورحق پرست ا راکین قومی وصوبائی اسمبلی نے بھی ان کے ساتھ نماز ادا کی،ایم کیو ایم کے سربراہ نے عوام کو عید کی مبارک باد پیش کی اور ان میں گھل مل گئے، بعد ازاں ڈاکٹر خالد مقبول، عامر خان، وسیم اختر اور اراکین رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچے اور وہاں موجود ذمے داروں سے عید ملی اور انہیں عید کی مبارک باد دی،دریں اثنا وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کو عید کی مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، علاوہ ازیں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سابق رکن قومی اسمبلی شہید علی رضا عابدی کے والد و سابق رکن قومی اسمبلی اخلاق حسین عابدی کی مقامی اسپتال میں عیادت کی،اور ان کی مکمل و جلد صحت یابی کےلئے دعا کی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی عید الفطر کے موقع پر شہید کارکنوں کے گھروں پر گئے اور لواحقین کو حوصلہ دیا جبکہ عید کے دوسرے دن وہ احتجاجی مظاہرے میں شہیدسینئر کارکن محمد اسلم شہید کے گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارک باد پیش کی اور شہید کے بچوں کو تحائف اور عیدی بھی دی۔