راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ضلعی و مری انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر عید تعطیلات کے دوران مری میں سیاحوں کیلئے انتظامات کو یقینی بنایا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق 3دنوں کے دوران تقریباً 25ہزار گاڑیاں اور 50ہزار سے زیادہ سیاح مری سیر کیلئے آئے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق، اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری کے ساتھ کمشنر راولپنڈی ڈویژن بھی دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ ترجمان کے مطابق جھیکا گلی اور جی پی او چوک پر عوامی اعلانات کے نظام کے ساتھ جھیکا گلی، کلڈنہ، باڑیاں اور لوئر ٹوپہ میں سیاحوں کی سہولت کے چار ڈیسک قائم کئے گئے۔ ریسکیو 1122 اور ٹورسٹ پولیس کے ساتھ ٹی ایم اے کا عملہ بھی کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بڑے ٹورسٹ پوائنٹس بالخصوص جی پی او چوک پر تعینات ہے۔ ہوٹل ایسوسی ایشن نے تحصیل مری انتظامیہ کے ساتھ ملکر جی پی او میں ہاسٹل کے تنازعات کے حل کیلئے ڈیسک قائم کیا ہے۔