• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ میں فوری واپسی کا امکان رد کردیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ ان کی ٹیسٹ کر کٹ میں واپسی کے بارے میں فوری کوئی بات کرنا قبل ازوقت ہے، فی الحال اس بارے میں حالات کا جائزہ لے کر کوئی قدم اٹھائوں گا۔ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے چار برسوں میں کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا، فاسٹ بولر کے لیے یہ آسان نہیں ہوتا لیکن اب پہلا میچ کھیلنے کے بعد بہتر محسوس کر رہا ہوں، چیزیں کس قدر تیزی سے تبدیل ہوں آپ نہیں جانتے لیکن اس وقت میں گلوسٹر شائر کی جانب سے کھیل کر لطف اندوز ہو رہا ہوں اس لیے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ میں اس وقت لڑکوں کی مدد کرنے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کر رہا ہوں، بولر کی حیثیت سے یہ میری ڈیوٹی ہے کہ میں اچھی بولنگ کروں اور اس وقت میری کوشش یہی ہے کہ میں فرنٹ سے لیڈکروں۔ ریڈ بال کرکٹ کو انجوائے کر رہا ہوں، کاؤنٹی کے تین میچز کے لیے یہاں موجود ہوں، محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچز میں119 اور 61 ایک روزہ میچز میں 81 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ ان کا فوکس ٹی 20 لیگز پر ہے۔ پی ایس ایل 2021 میں شروعات میں زخمی ہوکر ایونٹ سے باہر ہونے والے محمد عامر نے کہا ہے کہ میں مکمل فارم میں اورفٹ ہوں اس لئے ریڈ بال کرکٹ کا بھی چانس لینے کا سوچ رہا ہوں، اس لئے کائونٹی سے معاہدہ کیا اس کے بعد میں سی پی ایل کھیلنے ویسٹ انڈیز جائوں گا۔

اسپورٹس سے مزید