کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ پیر سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، جو 18مئی تک جاری رہے گا۔ سیریز کی تیاری کے لئے ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ پیر کو ہوں گے۔ 26 کھلاڑیوں پر مشتمل اس کیمپ میں تین 50اوورز (11،14اور17مئی) اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل دو پریکٹس میچز (12اور 15مئی) کھیلے جائیں گے۔بقیہ دنوں میں کیمپ کے شرکاء نیٹ اور فیلڈنگ سیشنز میں شرکت کریں گے جبکہ 13اور 16 مئی کو کھلاڑی آرام کریں گی۔ اس دوران ہیڈ کوچ اور قومی کھلاڑی میڈیان سے بھی بات چیت کریں گی ۔ طلب کردہ کھلاڑیوں میں ایمن انور، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ بلال، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، نجیہ علوی، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز، تسمیہ رباب، طوبہ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور یسری ٰعامر۔ ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر بولنگ کوچ ، وقار اورکزئی اسسٹنٹ کوچ ، صبور احمد اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ، رفعت اصغر گل فزیو تھراپسٹ ، ڈاکٹر محمد خرم (ڈاکٹر)، زبیر احمد (انالسٹ) ہیں۔