• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیرے روپ رنگ میں ہے جادو، تیری ترچھی نظرمیں ہے جادو، تیری بالی عمر ہے جادو، جادو ہے تیری باتوں میں، پائل کی چھن چھن ہے جادو، چوڑیوں کی کھن کھن ہے جادو… شاید فلم ’’لوفر‘‘ کا یہ مقبول گیت ٹیلی ویژن نگری کی برق رفتاری سے ابھرتی ہوئی سپراسٹار کنزہ ہاشمی کے لیے لکھا گیا تھا۔ با کمال اور خُوب صورت فن کارہ، کنزہ ہاشمی نے عیدالفطر کے موقع پر جیو کی اسکرین پر اپنی دل چُھو لینے والی پرفارمینس کی بدولت ناظرین کے دل جیت لیے۔ 

ایک جانب سیونتھ اسکائی کی مایہ ناز پروڈکشن، عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی دل کش اور شان دار ٹیلی فلم ’’روپوش‘‘میں وہ ہارون کادوانی کے مدِمقابل لاجواب اداکاری کرتی نظر آئیں، تو دوسری جانب عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے نئے ڈرامے ’’دل آویز‘‘ میں مظلوم لڑکی کے کردار ڈوب کر اداکاری کر کے ناظرین کی آنکھیں نَم کردیں۔ 

عبداللہ کادوانی نے جب سے جیو انٹرٹینمنٹ کی کمان سبنھالی ہے، ایک سے بڑھ کر ایک ڈراما اور ٹیلی فلمز پیش کی جا رہی ہے۔ ٹیلی فلم ’’رُوپوش‘‘کا پروڈکشن لیول بین الاقوامی معیار کا تھا اور ہارون کادوانی اور کنزہ ہاشمی کی لاجواب اداکاری نے اس میں چار چاند لگا دیے تھے۔ جیو کی اسکرین پر ’’رُوپوش‘‘ نے دوسری بار انٹری دی تھی۔ ٹیلی ویژن اسکرین کی اس ٹیلی فلم نے سوشل میڈیا پر کئی ریکارڈ بریک کیے۔ اب تک یہ فلم 125ملین بار دیکھی اور پسند کی جا چکی ہے۔ اس طرح اس فلم کے ٹائٹل سونگ نے بھی یوٹیوب پرخُوب رنگ جمایا۔

وراسٹائل اداکارہ کنزہ ہاشمی کی موجودہ پرفارمنس نے ٹیلی ویژن اور فلموں کی معروف اداکارائوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ انہیں اب صفِ اوّل کے فن کاروں کی فہرست میں شامل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ سیونتھ اسکائی، عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے نئے ڈرامے ’’دل آویز‘‘میں کنزہ ہاشمی، سینئر فن کاروں کی آنکھ میں آنکھ ملا کر شان دار پرفارمینس دے رہی ہیں۔ وہ کاشف محمود اور جویریہ عباسی کے مدِمقابل ’’دل آویز‘‘ کے مرکزی کردار میں عمدہ کردار نگاری کر رہی ہیں۔ ’’دل آویز‘‘ کی ابتدائی اقساط نے ٹیلی ویژن ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کرلی ہے۔

ڈرامے کے ہدایت کار مظہرمعین ہیں، جو اس سے قبل شان دار ڈرامے پیش کر چکے ہیں، اداکارہ جویریہ عباسی نے کنزہ ہاشمی کی سوتیلی ماں اور کاشف محمود ان کے بے حس باپ کے کردار میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ ڈراما سیریل’’دل آویز‘‘ نے دھماکے دار انٹری دے دی ہے۔ ڈرامے کی ساری کہانی ’’دل آویز‘‘ یعنی کنزہ ہاشمی کے گرد گھومتی ہے۔ ڈراما کا ٹائٹل سونگ(OST) موسیقار نوید ناشاد نے بنایا ہے۔ 

انہوں نے دِل سوز موسیقی ترتیب دی ہے۔ پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر اور نبیل شوکت نے شان دار انداز میں اس گیت کو گایا ہے۔ سائرہ پیٹرنے اوپیرا موسیقی کے رنگ کے ساتھ ڈرامے کے ٹائٹل سونگ میں آواز کا جادو جگایا ہے، جس کی وجہ سے ڈرامے کے رنگوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ گیت ’’قرار دے قراردے‘‘ سائرہ پیٹر اور نبیل شوکت کی آواز میں آہستہ آہستہ مقبولیت کی بلندیوں کی جانب رواں دواں ہے۔

ہم بات کر رہے تھے، مستقبل قریب کی سپر اسٹار کنزہ ہاشمی کی، وہ 7؍مارچ 1997ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں صلہ اور محبت، مورے سیاں، منچلی، سنگھار، فریب، مورمحل، محبت تم سے نفرت ہے، تشنگی دل کی، دلدل، عشق تماشا، سیرت، گل و گلزار، حقیقت، اُڑان، مہلت اور آزمائش وغیرہ شامل ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ فی الحال میرا شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔ شادی زندگی کا مقصد نہیں، میری شادی میں ابھی وقت ہے، جب وقت آئے گا، تو شادی ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ’’ڈراموں میں پرفارمینس کو دل کش بنانے کے لیے میک اَپ اور جیولری میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی ہوں۔‘‘

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید