• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت اجلاس‘ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ

کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن وپراجیکٹ ڈائریکٹر وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج سہیل الرحمان بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہواجس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن یاسر بازئی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ،ڈپٹی پی ڈیز،اسسٹنٹ کمشنر سٹی و سریاب کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز اور کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل الرحمان بلوچ نے کہا کہ سریاب روڈ،سبزل روڈ اور سرکی روڈ کےتوسیع منصوبے اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرکی روڈ توسیع منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلددور کرکے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔تمام منصوبوں پر سروسز لائنوں کو جلد منتقل کیا جائے۔یوٹیلیٹی لائن ڈیپارٹمنٹس کے منصوبوں میں رکاوٹ کی صورت میں ان کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے اہم منصوبوں میں ٹیم روک بے حد ضروری ہےاس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی لہٰذا تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو جنگی بنیادوں پر تیز کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے منصوبوں پر کام کی رفتار اور پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور اسٹیک ہولڈرز منصوبوں پر حائل رکاوٹوں کو دور کرکے جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔سریاب روڈ،سبزل روڈ اور سرکی روڈ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ٹریفک کے مسائل حل اور عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔منصوبوں میں آنے والی مساجد کے مسائل پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیاجائے۔ منصوبوں پر مکمل مشینری اور ورکرز کی ورکنگ سائٹس پر موجودگی کو یقینی بنایاجائے اور تمام منصوبوں پر دوران کام ٹریفک کے لئے متبادل انتظام کیا جائے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کوئٹہ سے مزید