پشاور ( آن لائن ) صوبائی دارلحکومت پشاور میںکمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور انتظامی افسران روزانہ کی بنیادوں پر بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس حوالے سے انتظامی افسران نے کسٹم چوک، پشتخر روڈ، باڑہ روڈ، فقیر آباد اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 36 دکانداروں کو گرفتار کرتے ہوئے دکانوں کو سیل کر دیاگیاجبکہ حاجی کیمپ کے علاقے میں غیر قانونی سرف فیکٹری کو سیل کرتے ہوئے منیجر کو گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق پشاور بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جبکہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود تمام کارروائیوں کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام انتظامی افسران کو گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن کو کوئی رعایت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔