• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پی ایس ایل اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق اے اسپورٹس کو دینے کا معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کردیا

کراچی (ٹی وی رپورٹ) فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پی ایس ایل اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق اے اسپورٹس کو دینے کا معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے ، ٹی وی رپورٹ کے مطابق مزید تحقیقات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی تجویز بھی دے دی گئی ہے ۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے مطابق سرکاری ٹی وی نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق اے اسپورٹس کو اس وقت دیے جب اس چینل کا وجود ہی نہیں تھا ،پی ٹی وی بورڈ سے اس عمل کی منظوری تک نہ لی گئی بلکہ سرکاری چینل کے بورڈ سے فیصلے کو بھی چھپایا گیاجو کہ پیپرا قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے مطابق اے اسپورٹس کو پی ایس ایل اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق دینے سے پی ٹی وی کو اربوں روپے کا نقصان ہو اہے،اس رپورٹ کے مطابق اے اسپورٹس کی بنیاد رکھنے میں سرکاری ٹی وی کے ذریعے اے آر وائی کی مدد کی گئی اور اسے فائدہ دینے کے لیے معاہدے میں مزید شقوں کو بھی شامل کیا گیا۔ کمیٹی کی اس رپورٹ کے مطابق معاملے میں جو تشخیصی کمیٹی تشکیل دی گئی ، اسے ایسے معاملات میں نہ ہی مہا رت حا صل تھی اور نہ ہی ما ضی میں پیپرا قوانین کے حوالے کوئی تجربہ تھا ۔ نشریاتی حقوق حاصل کرنے کے کامیاب بڈر کو بغیر کسی ٹھوس وجہ کے تبدیل کر دیا گیا تھا جو پیپرا قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ تحقیقات کے دوران تشخیصی کمیٹی کے رکن نے تسلیم بھی کیا کہ انہیں نشریاتی حقوق کے حوالے سے تحقیقات کا کوئی تجربہ نہیں ۔ سرکاری ٹی وی کے سا بق مینیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور طلب کیے جانے کے با وجود کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہو ئے جبکہ ڈائریکٹر اسپورٹس کو انکوائری کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید