• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران حکومت کیخلاف مبینہ سازش، عدالتی کمیشن بنایا جائے، صدر کا چیف جسٹس کو خط

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کی تبدیلی کی مبینہ سازش کے معاملے کی مکمل تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالات و واقعات پر مبنی شواہد حاصل کرنے سے بھی معاملے کو انجام تک پہنچایا جاسکتا ہے‘اس خاص معاملے میں غیر سفارتی زبان میں واضح طور دھمکی دی گئی جس سے ایک خودمختار ، غیور اور آزاد قوم کے وقار کو شدید ٹھیس پہنچی‘پاکستانی عوام کو وضاحت دینے‘معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے حالات پر مبنی شواہد ریکارڈ کرنے کی ضرورت ہے‘ عمران خان کا خط وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس کو بھیج رہا ہوں‘چیف جسٹس معاملے کی تحقیقات اور سماعت کیلئے بااختیار عدالتی کمیشن قائم کریں۔ منگل کوجاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خط کا جواب دیا ہے جس میں حکومت میں تبدیلی لانے کیلئے مبینہ سازش کی تحقیقات پر زور دیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر کی طرف سے بھیجی گئی سائفر کی کاپی پڑھی جس میں امریکا کے معاون وزیر خارجہ ڈونلڈ لو کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات کی باضابطہ سمری موجود تھی۔سائفر میں تحریک کی کامیابی کی صورت میں ʼمعافی اور ناکامی کی صورت میں سنگین نتائج کا بھی ذکر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے دو اجلاسوں میں توثیق کی گئی کہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول اور صریح مداخلت کے مترادف ہیں۔
اہم خبریں سے مزید