• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ‘ حب اور ڈیرہ اللہ یار میں19مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں ، حب سٹی اور ڈیرہ اللہ یار میں کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران ناقص خوراک کی فراہمی پر 19 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ کوئٹہ کے علاقوں سمنگلی ، ہزارہ ٹاؤن اور جوائنٹ روڈ میں بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں نے ملک شاپس اور چائے ہوٹلوں سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر چیک کئے ، موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جدید مشینوں سے ٹیسٹ کردہ 17 ملک سیمپلز میں سے 4 مراکز کے دودھ میں ملاوٹ پائی گئی جس پر مذکورہ دکانوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ رئیسانی روڈ ، سبزل روڈ اور سریاب میں عوامی شکایات پر ہوٹلوں و جنرل اسٹورز کی چیکنگ کی گئی ،ایک معروف ہوٹل کو صفائی کے ناقص انتظامات اور مجموعی طور پر ایس او پیز کے خلاف کھانوں کی تیاری ، اسٹوریج و فروخت ، 2 جنرل اسٹورز کو زائد المیعاد مشروبات ، مصالحے ، کسٹرڈ و بیکنگ پاؤڈر اور پابندی عائد اشیاء کی موجودگی جبکہ ایک جوس اینڈ پکوڑا شاپ کو غیرمعیاری و مضر صحت کوکنگ آئل کے استعمال اور باسی پھل اسٹور کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔علاوہ ازیں بی ایف اے زونل ٹیم نے حب میں 4 معروف ہوٹلوں کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال ، پکوان میں ناقص اجزاء کے استعمال اور صارفین کو باسی کھانا فروخت کرنے پر کارروائی کی جبکہ 2 جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ کولڈرنکس اور بچوں کے کھانے کی مختلف اشیاء پکڑی گئیں جس پر دونوں دکانوں پر بھی جرمانے عائد کئے گئے۔ اسی طرح ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفرآباد میں زونل ڈائریکٹر امداد علی نے اپنی زونل ٹیم کے ہمراہ مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے 4 جنرل اسٹورز سے بڑی تعداد میں زائدالمیعاد کولڈرنکس اور ممنوعہ گٹکاپان پراگ برآمد کرلیا ، جنہیں ضبط کرکے چاروں جنرل اسٹورز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ،ایک ہوٹل کے ورکرز پکوان میں چائنیز نمک کا استعمال کر رہے تھے ، جبکہ ان ورکرز کی ذاتی صفائی و ہوٹل کی مجموعی صفائی کی حالت بھی انتہائی خراب تھی جس پر مذکورہ ہوٹل کو جرمانہ کیا گیا ۔ بی ایف اے حکام کی جانب سے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں چیکنگ کے دوران 30 سے زائد مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کئےگئے۔
کوئٹہ سے مزید