ملتان ( سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مسائل کے حل کیلئے وسیع پیمانے پر منظم پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔ عدلیہ نے سود کے خلاف جو فیصلہ دیا ہے وہ خوش آئند ہے۔ عمران خان کے دور میں جو معاشی بدحالی ہوئی عوام اذیت سے دوچار ہے ۔عوام کو معاشی تنگی سے نجات دلانے کیلئے حکومت کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ عمران خان اور شیخ رشید ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ اقتدار چھن جانے کے بعد عمران خان اور شیخ رشید حواس باختہ ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہلحدیث یوتھ فورس ضلع ملتان کے صدر قاری ہدایت اللہ رحمانی سے لاہور جمعیت اہلحدیث کے مرکزی دفتر میں ملاقات کے دوران اپنی گفتگو میں کیا۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کا جو دیوالیہ نکلا ہے اس مداوا کرنا ہوگا۔ ملکی مسائل کے حل کیلئے اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہوگا حالیہ سود کے خلاف عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے ملک میں آئندہ معاشی پالیسی سود سے پاک تشکیل دی جائے تاکہ ملک حقیقی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔