• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران سندھ سے الیکشن لڑیں دیکھتا ہوں کتنے ووٹ ملتے ہیں، زرداری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سندھ سے الیکشن لڑیں دیکھتا ہوں کتنے ووٹ ملتے ہیں،عمران خان کہتے تھے کہ میں چکن ٹماٹر کے ریٹ چیک کرنے کیلئے نہیں آیا لیکن میں تو اسی لیے آیا ہوں مجھے لوگوں کے چولہے جلانے ہیں، تحریک عدم اعتماد کے پراسس کی خود قیادت کی، ایم کیو ایم کو بھی صحیح راستے پر لگا کر کام لینا ہے، ایم کیو ایم نے کہا ہمارا گورنر بنائیں بنانا پڑا، مسائل بہت ہیں سسٹم سے ہٹ کر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کو صرف ہم ہی چلاسکتے ہیں، عمران خان نہیں چلاسکتے،بیرون ملک پاکستانیوں کو عمران نے گمراہ کیا، کیونکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو تو یہاں کی گرمی اور مہنگائی کا پتہ نہیں، یوسف رضا گیلانی کو بھی منصب سے نکالا گیا لیکن ہم نے ججز کیخلاف مہم نہیں چلائی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کا گورنر لگایا گیا، جسکا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابی الائنس سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے، سندھ کا کسی بھی سیکٹر میں ماضی سے موازنہ کرلیں، سندھ میں 18ویں ترمیم کے بعد بہت کام ہوا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے مراسلہ نہیں پڑھا مگر عام طور پر امریکی سفیر ایسی زبان استعمال نہیں کرتے، تحریک عدم اعتماد کے پراسس کی خود قیادت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جوبائیڈن میرا دوست ہے اگر ایسی بات ہوتی تو مجھے فون کرتے اور شکریہ ادا کرتےکہ آپ نے کام کر دیا لیکن نہ پہلے فون آیا نہ بعد میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان سندھ سے الیکشن لڑیں دیکھتا ہوں عمران خان کو کتنے ووٹ ملتے ہیں؟ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے پہلے دن کہا تھا کہ یہ ملک نہیں چلاسکیں گے، انکے اپنے ہی دوستوں نے ان کو چھوڑ دیا،انکے اپنے لوگوں نے ان کا ساتھ چھوڑا کیونکہ انہوں نے اپنے لوگوں کے سیاسی وعدے پورے نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کہتا تھا یہ دھاندلی کی حکومت ہے الیکشن کروائیں تو کوئی نہیں سنتا تھا۔ سلیکٹڈ کو پارلیمان میں کہا تھا کہ اکنامک چارٹر بنالو لیکن سلیکٹڈ کو سمجھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا ابھی نئی حکومت آئی ہے حالات کنٹرول کرنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے۔ مہنگائی سے متعلق انھوں نے کہا کہ پیڑول کی قیمتیں ہم نہیں بڑھانا چاہتے، پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو چکن، انڈے بھی مہنگے ہوجاتے ہیں، مجھے تو لوگوں کے بجھے ہوئے چولہے بھی جلانے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کا اسٹاک ایکسچینج اب کھڑا ہو گیا ہے، پرویز مشرف کے دور کے بعد بھی ہم نے اسٹاک ایکسچینج کو اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں آجاتا ہمیں مشکلات ہونگی۔ سابق صدر نے کہا کہ 1947 سے آج تک ہمارے خلاف سازش ہوتی رہی ہے اور عمران خان کون ہوتا ہے کسی کو میر جعفر اور میر صادق کا خطاب دے۔بی بی کو شہید کرکے پاکستان کیخلاف سازش کی گئی۔ کراچی کے مسائل سے متعلق انھوں نے کہا کہ کراچی میں کام ہوا ہے، سندھ میں بھی کررہے ہیں، اگر ہم جگہ چھوڑیں گے تو کوئی اور آجائے گا، تاجر برادری ساتھ بیٹھے ان سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں۔ عمران خان کہتا ہے میں آلو ٹماٹر کیلئے نہیں آیا مگر میں تو اسی کے لیے آیا ہوں، اس وقت سسٹم سے ہٹ حل تلاش کرنے ضرورت ہے، پاور سیکٹر کو پرائیوٹائز کرنا ہے یہ آئوٹ دی باکس کام ہے۔ آج 50 ہزار روپے تنخواہ والے کو بھی مسائل کا سامنا ہے، پاور پلانٹس نہیں انفرادی طورپر سولر پلانٹس کیلئے قرضے دینگے۔ ملک میں پانی کی قلت سے متعلق انھوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر کہتا ہوں الحمد اللہ کچھ گلیشئر پگھلے ہیں، پانی آرہا ہے، میں سندھ میں اپنی اور غریبوں کی فصلوں کو دیکھ کر رو رہا تھا، پانی ایک مسئلہ ہے دوستوں کو کام پر لگائینگے۔

اہم خبریں سے مزید