کوئٹہ(خ ن)غیر معیاری و ملاوٹی اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران ضلع بارکھان اور کوئٹہ شہر میں 10 ملک شاپس سمیت 29مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے زونل ڈائریکٹر شراف الدین کی سربراہی و ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مراکز کا معائنہ کیا ، دوران انسپکشن 2 ملک شاپس کو دودھ میں ملاوٹ کرنے ، 3 جنرل اسٹورز کو ایکسپائرڈ و پابندی عائد خوردنی اشیاء کی فروخت ، 2 فروٹ اینڈ ویجیٹیبل شاپس کو باسی سبزیاں و پھلوں کی فروخت جبکہ ایک پکوڑا شاپ کو اشیاء تلنے کیلئےناقص کوکنگ آئل کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔ زونل فوڈ سیفٹی حکام نے 3 گوشت کی دکانوں اور 2 ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس کے خلاف صفائی کے ناقص انتظامات اور مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے جبکہ 2 سویٹس اینڈ بیکرزیونٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات ،کھلی فضاء میں اشیاء کی تیاری ، پروڈکشن میں ناقص کے استعمال اور باسی مٹھائیاں برآمد ہونے پر جرمانے عائد کئے گئے۔ چیکنگ کے دوران مراکز سے برآمد ہونے والی زائدالمیعاد ، پابندی عائد اور ناقص اشیاء کو ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔علاوہ ازیں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیمیں مسلسل سرگرم ہیں ، اس ضمن میں کارروائیاں کرتے ہوئے دیبہ اور قمبرانی روڈ و ملحقہ علاقوں میں میں 8 ملک شاپس کے خلاف دودھ میں ملاوٹ کرنے پر ایکشن لیا گیا ، عوامی شکایات پر چیک کردہ ایک ہسپتال کی کینٹین اور قریبی احاطے میں موجود 2 جنرل اسٹور کو بالترتیب کچن میں گندگی ، کھانوں میں چائنیز نمک و غیر معیاری فوڈ کلرز کی آمیزش ، زائد المیعاد مشروبات ، اسنیکس و گٹکاپان پراگ کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اس دوران 3 ہوٹلوں کو بھی لائسنس کی عدم دستیابی ، صفائی کی خراب صورتحال ، زیر استعمال کوکنگ آئل میں مکھیوں کی موجودگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔