پشاور(جنگ نیوز)میئر پشاور حاجی زبیر علی نے عوامی مسائل نے سننے کیلئے سعید آباد نمبر 1نیبر ہوڈ کونسل 18میں سابق ناظم ممتاز خان کی رہائشگاہ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا شہریوں نے کھلی کچہری میں گیس کم پریشر ‘ گیس و بجلی لوڈشیڈنگ ‘ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ‘ علاقے میں نوجوانوں کے آئس نشے کی طرف راغب ہونے ‘ گلیوں کی پختگی ‘ علاقے میں امن و امان اور دیگر مسائل بارے آگاہ کیا ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے درپیش مسائل بارے موقع پر متعلقہ حکام سے رابطے کئے اور انہیں مذکورہ مسائل فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ بجلی و گیس لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں جس پر جلد قابو پا لیا جائیگا ۔ انہوں نے علاقے میں امن و امان کے مسائل کے پیش نظر متعلقہ تھانے کے حکام سے رابطہ کیا اور علاقے میں فوری طور پر پولیس گشت شروع کرنے سمیت علاقے میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو درپیش مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائینگے بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل بارے آگاہ کریں۔ تاکہ فوری طور پر مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئس جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے جلد منشیات بحالی ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں پشاور بھر کے ان نوجوانوں کا علاج کیا جائیگا جو نشے کی لت میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سٹریٹ لائٹس کی فراہمی کر دی گئی ہے جس کی تنصیب کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی اس سلسلے میں مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں اور شہریوں کو درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کر رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل فوری حل کئے جائیں ۔