• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہندی کے اسٹالز، پرچموں کی بہار، خواتین کا جوش عروج پر تھا، پی ایس پی جلسے کی جھلکیاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے تحت باغ جناح گراؤنڈ میں خواتین کے جلسے کے ذریعے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا، جلسہ گاہ میں خواتین کا جوش و خروش عروج پر تھا، باغ جناح گراؤنڈ میں لائٹنگ اور سائونڈ کا بہترین انتظام رکھا گیا،جلسہ گاہ میں وسیع و عریض خوبصورت اسٹیج تیار کیا گیا جو 80 فٹ لمبا، 30 فٹ چوڑا اور 20 فٹ بلند تھا۔ شاندار اسٹیج کے دائیں جانب ’’کراچی بنایا تھا پاکستان بنائیں گے‘‘ جلی حروف میں درج تھا۔اسٹیج کے بائیں جانب ’’کراچی اب دھوکہ نہیں کھائے گامصطفی کمال ہی کراچی بنائے گا‘‘ جلی حروف میں درج تھا۔ اسٹیج کے سامنے شرکا کے لیے نشستوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پی ایس پی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جلسہ گاہ طویل ہونے کے باوجود چھوٹی پڑ گئی،مہندی کے اسٹال پر خواتین نے بڑی تعداد میں ہاتھوں پر پاک سرزمین پارٹی زندہ باد لکھوایا،خواتین نے جلسہ گاہ میں پی ایس پی اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے، بعض خواتین نے ہاتھوں پر پی ایس پی پرچم کے رنگ کی چوڑیاں اور ڈوپٹے پہن رکھے تھے جبکہ کانوں کے جھمکے، بالیاں، ٹاپس بھی اسی مناسبت سے تھے۔جلسے میں کراچی کے تمام علاقوں سے خواتین شریک ہوئیں، جن میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شامل تھیں۔ جلسے کا باقاعدہ آغاز بعد نماز مغرب تلاوت قرآن پاک سے ہوا،اس موقع پر پنڈال میں خواتین کا جم غفیر تھا،جلسہ گاہ کے اطراف کے تمام راستوں پر بہت بڑی تعداد میں مائیں،بہنیں کھڑے ہوکر قائدین کا خطاب سن رہی تھیں۔

اہم خبریں سے مزید