عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد نصرت فتح علی خان کی گائی سپر ہٹ قوالی، جسے آج کل نوجوان بےحد پسند کر رہی ہے، ’’کالی کالی زلفوں کے پھندے نہ ڈالو، ہمیں زندہ رہنے دو حُسن والو ، بَن سنور کر جب وہ نکلتے ہیں ،دل کشی ساتھ ساتھ چلتی ہے ،ہار جاتے ہیں جیتنے والے ،وہ نظر ایسی چال چلتی ہے، جب اٹھاتے ہیں رُخ سے زلفوں کو، چاند ہنستا ہے رات ڈھلتی ہے۔…ایسا لگتا ہے کہ استاد نصرت فتح علی خان یہ قوالی پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے والی خُوب صورت اداکارائوں کے لیے گائی ہو۔
عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ پاکستانی فلموں کے برعکس ٹیلی ویژن ڈراموں میں نیا ٹیلنٹ تیزی سے سامنے آ رہا ہے۔ خاص طور پر فن کارائوں کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے، کسی دانش ور نے بہت عمدہ بات کہی تھی کہ کسی بھی شعبے میں نمبر ون کی سیٹ ہمیشہ خالی رہتی ہے، جو کوئی بھی غیر معمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتا ہے،وہ نمبر ون کہلاتا ہے۔ٹیلی ویژن پر ایک زمانے میں چند ہیروئنوں کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا، لیکن نجی ٹی وی چینلز کی آمد کے بعد ایک سے بڑھ کر ایک فن کارہ سامنے آرہی ہیں۔ آج ہم ایسی ٹاپ ٹین اداکائوں کے فن پر روشنی ڈالیں گے، جو نہایت قلیل عرصہ میں ٹی وی ناظرین کے دِل جیت کر شو بزنس کی دُنیا میں راج کر رہی ہیں۔
1۔ عائزہ خان: 15جنوری 1991کو کراچی میں پیدا ہونے والی عائزہ خان نے 2009 میں شو بزنس کی دُنیا میں قدم رکھا، وہ اس وقت کراچی یونی ورسٹی میں زیر تعلیم تھیں، شو بزنس اور پڑھائی ساتھ ساتھ چلتی رہی۔ 2014میں ان کی شادی ڈراموں اور دو تین فلموں کے ہیرو دانش تیمور سے ہوئی۔ ان کے دو بچے ہیں۔ ویسے تو عائزہ نے ٹیلی ویژن نگری میں ایک سے بڑھ کر ایک ڈراموں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے، لیکن انہیں غیر معمولی شہرت ہمایوں سعید کے ڈرامے ’’ میرے پاس تم ہو‘‘ میں ’’مہوش‘‘ کے کردار سے ملی۔
ان کے دیگر مشہور ڈراموں میں ٹوٹے ہوئے پر، کالا جادو، می رقصم، زرد موسم، عکس، کہی ان کہی ، ادھوری عورت، پیارے افضل، میرے مہربان، تم کون پیا، یاریاں، مہرپوش، چپکے چپکے اور دیگر شامل ہیں، جب کہ جیو سے ٹیلی کاسٹ ہونے والا حال ہی کا ڈراما’’ چوہدری اینڈ سنز‘‘ میں انہیں عمران اشرف کے ساتھ بےحد پسند کیا گیا۔ عائزہ خان کو ’’پیارے افضل اور ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں عمدہ پرفارمنس دینے پر بہترین اداکارہ کا لکس اسٹائل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
2۔ یمنیٰ زیدی: 30 جولائی 1989کو کراچی میں جنم لینے والی باصلاحیت اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ٹیلی ویژن میں ڈوب کر اداکاری کر کے ناظرین کو خوشی حیرت میں مبتلا کر دیا اور تو اور گزشتہ برس لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں بہترین اداکارہ کے دو لکس اسٹائل ایوارڈز اپنے نام کر کے شو بزنس کے کئی فن کاروں کو حیران و پریشان کر دیا۔ یہ دو ایوارڈز ایسےتھے، جس کی وجہ سے یمنٰی زیدی کا شمار صفِ اول کی فن کاروں میں کیا جانے لگا۔
انہوں نے ڈراما سیریل ’’تھکن ‘‘سے فنی زندگی کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے، وہ چھوٹی اسکرین کی بڑی فن کارہ بن گئیں۔ ان کے دیگر مقبول ڈراموں میں مداوا، کانچ کی گڑیا، گزارش، آپ کی کنیز، جگنو، پارس ، پنجرہ، ڈر سی جاتی ہے صلہ، پکار، انکار، عشق زہے نصیب، پیار کے صدقے، عشق لا، اور دیگر شامل ہیں۔ 2018 میں ’’ڈر سی جاتی ہے صلہ ‘‘ میں شان دار پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی جیتا۔’’پیار کے صدقے ’’ان کے فنی کیریر کا یادگار ڈراما ثابت ہوا۔
3۔ثنا جاوید: 25 مارچ 1993میں سعودی عرب میں پیدا ہونے والی ثناء جاوید ٹیلی ویژن نگری کی جانی مانی فن کارہ ہیں۔ انہوں نے ڈراموں میں دِل چُھونے والی پرفارمینس کے بعد ہدایت کار یاسر نواز کی فلم ’’مہرالنسا وی لب یو‘‘ میں دانش تیمور کے مدِ مقابل بہ طور ہیروئن کام کیا۔ انہیں سب سے زیادہ مقبولیت جیو کی سپر ہٹ ڈراما سیریل ’’خانی‘‘سے حاصل ہوئی، ناظرین نے اس ڈرامے میں انہیں ’’صنم خان خانی‘‘ کے روپ میں خُوب سراہا۔
ثناء جاوید کے قابل ذکر ٹی وی ڈراموں میں جیو کا مقبول ڈراما ’’اے مشتِ خاک، رسوائی، ڈر خدا سے، رومیو ودھ ہیر، ذرا یاد کر، انتظار، کوئی دیپک ہو، چنگاری، رنجش ہی سہی، پیارے افضل، میرا پہلا پیار اور دوسرے ڈرامے شامل ہیں۔ ثنا جاوید نے ٹی وی اسکرین پر جو کردار ادا کیا، اس میں اپنی لاجواب اداکاری سے یادگار بنا دیا۔ ان کی معصومیت کے ناظرین دیوانے ہیں۔
4۔ حِبا بخاری: 1994 میں پیدا ہونے والی باکمال اداکارہ حِبا بخاری کا گھریلو نام حِبا وقار ہے۔ سات برس قبل اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے شہرت کی بلندیوں کو چُھونے لگیں۔ آج کل ناظرین ان کی نئی ڈراما سیریل ’’میرے ہمنشیں‘‘ دیکھ رہے ہیں، جس میں وہ نامور اداکار احسن خان کے مد مقابل جم کر پرفارمس دے رہی ہیں۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت جیو کے میگا ڈراما سریل ’’دیوانگی‘‘ سے حاصل ہوئی۔
2019میں ’’دیوانگی ‘‘ کو گوگل نے سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا ڈراما قرار دیا۔ ناظرین نے دانش تیمور کے ساتھ حِبا بخاری کو بے حد پسند کیا۔ حِبا کے دیگر مشہور ڈراموں میں تیری میری جوڑی، بھولی بانو، تھوڑی سی وفا، سلسلے، رمز عشق، تڑپ، فتور، انتہائے عشق ،بے رُخی، ودیگر شامل ہیں۔ مقبول ڈراما سیریل تھوڑی سی وفا میں شان دار پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
5۔ ہانیہ عامر: ڈِمپل اسٹار ہانیہ نے 12فروری 1997کو جنم لیا۔ اور چھ سات برس قبل شو بزنس کی دُنیا میں اپنی اینٹری دی۔ نہایت کم عرصے میں ٹیلی ویژن کمرشل ، فیشن، ڈراموں اور فلموں میں اپنی پہچان بنائی۔ فلم جانان، نامعلوم افراد ٹو، پرواز ہے جنوں، سپر اسٹار اور 2022 میں عیدالفطر پر ریلیز ہو نے والی جیو فلمز کی ’’پردے میں رہنے دو ’‘ شامل ہیں۔ ہانیہ عامر نے جن ڈراموں میں عمدہ پرفارمینس دی، ان میں تِتلی، پھر وہی محبت، مجھے جانے دو، وصال، عشقیہ، دل رُبا، میرے ہمسفر، اور حال ہی میں ٹیلی کاسٹ کیا جانے والا عاطف اسلم کا ڈراما ’’سنگِ ماہ ‘‘ شامل ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈِمپل گرل نے اپنی کئی ہم عصر فن کارائوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
6۔ نیلم منیر: ٹیلی ویژن اور فلموں کا جانا پہچانا نام ہے۔ انہوں نے ماڈلنگ اور ایکٹنگ میں یکساں نام کمایا۔ ان دِنوں ان کی فلم ’’چکر‘‘ سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے فلم چُھپن چھپائی ،رانگ نمبر 2، اور کاف کنگنا میں کام کر چکی ہیں۔ اس کے باوجود بھی ان کی پہلی پہچان ٹیلی ویژن ڈراما ہی ہے۔ گزشتہ دنوں انہیں جیو کے مقبول ڈرامے ’’قیامت‘‘ میں احسن خان کے ساتھ بہت پسند کیا گیا۔
ان کے دیگر مقبول ڈراموں میں قید تنہائی، کچھ کمی سی ہے، جَل پری، میری صبح کا ستارہ ، میری بہن مایا، قربت، اشک، مانگ، دل کا دروازہ، دل عشق، رنگ لاگا،جدائی ،وفا کا موسم، تیرے بنا، دل موم کا دِیا، کہیں دیپ جلے، بکھرے موتی، محبت داغ کی صورت، اور پیار دیوانگی ہے، وغیرہ شامل ہیں، نیلم منیر نے درجنوں ٹیلی فلمز میں بھی عمدہ پرفارمینس دی ہے۔
7۔ سجل علی: پاکستان شو بزنس انڈسٹری کا نہایت مقبول نام ہے۔ انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کے بعد بالی وڈ کی کام یاب مووی ’’موم‘‘ میں سری دیوی جیسی منجھی ہوئی فن کارہ کے سامنے جَم کر اداکاری کی ۔ سجل علی نے ابتداء میں ڈراما ’’محمود آباد کی ملکائیں‘‘ سے شہرت حاصل کی۔ ابتدا میں ان کی جوڑی فیروز خان کے ساتھ فلم ’’زندگی کتنی حسین ہے ‘‘ میں اچھی لگی۔ دو برس قبل ان کی شادی آصف رضا میر کے فن کار بیٹے اَحد رضا میر کے ساتھ ہوئی،جو اب ختم ہو چکی ہے، سجل علی کی طلاق نے ان کی شہرت کو بھی کافی نقصان پہنچایا۔
8۔ اقراء عزیز: یاسر حسین اور اقراء عزیز کی جب سے شادی ہوئی ہے، دوونوں میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ہدایت کار احسن طالش، کا سپر ہٹ ڈراما ’’سنو چندا‘‘ نے اقراء عزیز کی قسمت بدل دی تھی۔ اس ڈرامے میں شان دار پرفارمامنس دینے پر انہیں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ حال ہی میں ختم ہونے والی جیو کی میگا سپر ہٹ سیریل ’’،خدا اور محبت ‘‘ کے سیزن تھری میں انہیں فیروز خان کے ساتھ بہت پسند کیا گیا۔ اس سے قبل وہ جھوٹی، کسک، رانجھا رانجھا کر دی، تعبیر، قربان، چھوٹی سی زندگی، لاج اور دیگر ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ اقراء عزیز ایک مکمل اداکارہ کے طور پر ڈراما انڈسٹری میں منفرد شناخت رکھتی ہیں۔
9۔ سحر خان: 23:مئی 1993 کو لاہور میں پیدا ہونے والی سحر خان نے جیو کی سپر ہٹ ڈراما سیریل ’’رنگ محل ‘‘ میں اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر کے ٹی وی ناظرین کے دل جیت لیے۔ رنگ محل ‘‘نے سحر خان کو ڈراما انڈسٹری میں ایک الگ پہچان دی، ان کے دیگر ٹی وی ڈراموں میں فاسق، میں اگر چپ رہوں، مُشک اور وفا کر چلے، شامل ہیں۔ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ مستقبل قریب میں بڑی اسٹار بن جائیں گی۔
10۔ کنزہ ہاشمی: 7 مارچ 1997کو لاہور میں پیدا ہونے والی بالاصلاحیت فن کارہ کنزہ ہاشمی نے چند ڈراموں میں دِل چُھو لینے والی پرفارمنس سے ثابت کر دیا کہ اب انہیں آگے بڑھنے اور سپر اسٹار بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ سیونتھ اسکائی، عبد اللہ کادوانی، اور اسد قریشی کے نئے ڈرامے ’’دِل آویز‘‘ میں کنزہ ہاشمی ، جان دار اداکاری کر رہی ہیں۔ ’’دل آویز ‘‘کا مرکزی کردار ٹی وی ناظرین کو بے حد پسند آ رہا ہے۔
کنزہ ہاشمی نے گزشتہ عید پر جیو کی ٹیلی فلم ’’روپوش‘‘ میں بھی لاجواب کام کیا۔ کنزہ ہاشمی نے ٹیلی ویژن کی سپر اسٹارز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ ہم نے ٹیلی ویژن کی ٹاپ ٹین اداکارائوں کے فن پر ایک نظر ڈالی ہے، ان فن کاراؤں کے علاوہ بھی درجنوں باصلاحیت فن کارائیں لاجواب اداکاری کر رہی ہیں۔