• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں تین ملکی سیریز کیلئے مدعو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت ملی ہے۔ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کرکٹ سے ملنے والی دعوت کی تصدیق کی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس بارے میں فیصلہ پاکستانی ٹیم کی مصروفیات کو دیکھ کر اور ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے ہوگا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) کے آپریشنز چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان کی تیسری پاکستانی کی ہوسکتی ہے۔ سیریز کرائسٹ چرچ میں ہونے جا رہی ہے۔ ایشیا کپ ممکنہ طور پر یکم سے 17ستمبر کو سری لنکا میں ہوگا۔ پاکستان نے ہو م گرائونڈ پر انگلینڈ کے خلاف سات ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنا ہے ان میچوں کا شیڈول ابھی آنا باقی ہے۔ ورلڈ کپ 16 اکتوبر کو سپر 12 کے ساتھ شروع ہو رہا ہے جس میں بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ 22 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ سے پانچ دن پہلے ہر ٹیم کو سپورٹ پریڈ کیلئے آسٹریلیاپہنچنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ کا ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کے تحت یکم سے دس اکتوبر تک ہوگا۔ پاکستان ٹیم کو کم از کم چار اور زیادہ سے زیادہ پانچ میچ کھیلنا ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ فیوچر ٹورنامنٹ پروگرام کا حصہ نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ پہنچنے سے پہلے بنگلہ دیش ایڈیلیڈ میں ایک ہفتہ طویل کیمپ کے لیے آسٹریلیا جائے گا جہاں وہ مقامی ٹیموں کے خلاف ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلے گا۔ سہ فریقی سیریز کی تاریخوں کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ممکنہ ونڈو ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے شروع کے درمیان ہوگی۔
اسپورٹس سے مزید