پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا کے محکمہ خوراک پشاور کے راشننگ کنٹرولر جمشید خان آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کمال احمد، فوڈ انسپکٹرز وحیداللہ یاسین، شاہد صافی اور فخر عالم نے دلہ زاک روڈ پر گزشتہ روز کاروباری افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کیا اور قانون کی خلاف ورزیوں میں ملوث اور سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 14 قصائی اور 3دودھ فروش گرفتار جبکہ 2بریانی فروشوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر دلہ زاک روڈ پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران گودام سے بھاری مقدار میں چائنہ سالٹ برآمد کرلیا گیا۔ محکمہ خوراک پشاور نے ملزمان کے خلاف متعلقہ پولیس اسٹیشن میں مراسلہ جمع کر کے چائنہ سالٹ کو قبضے میں لے لیا۔ راشننگ کنٹرولر جمشید خان آفریدی نے کہا کہ چائنہ سالٹ کے استعمال اور خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے جو انتہائی مضر صحت ہے اس لئے اس کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ راشننگ کنٹرولر نے عوام سے کہا ہے کہ وہ شکایت کی صورت میں 091.9225395نمبر پر رابطہ کریں تاکہ انسانی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی کی جا سکے۔