اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نےکہا ہےکہ بیرونی ہاتھ ہماری بلوچ خواتین کو استعمال کر رہے ہیں‘ بلوچستان میں خواتین خودکش حملہ آوروں کو تیار کیا جا رہا ہے‘افغانستان میں ہلاک ہونیوالے دہشت گرد اسلم عرف اچھو کی بیوہ یاسمین اور وحیدہ خواتین خود کش حملہ آوروں کوتربیت دے رہی ہیں‘بہت جلد ادارے اصل کرداروں تک پہنچ جائیں گے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے تربت میں کارروائی کے دوران ایک مکانسے خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کیا‘خاتون نور جہاں اور اس کے ساتھی کا تعلق کالعدم بی ایل اے کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ سے ہے۔مکان سے خودکش جیکٹ، کلاشنکوف ،9 کلو باروی مواد اور6ہینڈگرنیڈ ملے، مقدمہ درج کرکے خاتون سے تفتیش کی جارہی ہے‘ عدالت نے خاتون اور اس کے ساتھی کا 7روزہ ریمانڈ دیا ہے۔ فرح عظیم شاہ نےکہا کہ نورجہاں نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ بلوچستان میں خواتین خودکش حملہ آوروں کو تیار کیا جا رہا ہے‘ مجید بریگیڈ خواتین کو خودکش حملے کے لیے تیار کر رہی ہے۔