• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، روس، چین سمیت بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات چاہتے ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان نے ملک اور خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے دہشتگردی کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کو کسی خطے، ثقافت اور تہذیب سے نہیں جوڑا جانا چاہئے،ہم امریکا، روس، چین سمیت بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات چاہتے ہیں، یٰسین ملک کو سزا کا معاملہ عالمی فورمزپراٹھائینگے،بھارت کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے ، جمعہ کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ انسداد دہشتگردی پاکستان اور ہمسایہ ممالک کا مشترکہ ہدف ہے،ہم نے مذاکرات اور مشاورت کیلئے ایک لائحہ عمل وضع کیا ہے اور اس معاملے پر اپنے ہمسایوں سے روابط جاری رکھیں گے، پاکستان امریکہ، چین، روس اور دیگر ممالک سمیت بڑی طاقتوں سے متوازن، مفید اور جامع تعلقات چاہتا ہے اور تعمیری و متوازن انداز میں باعزت تعلقات جاری رکھنا چاہتا ہے، عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنیوالے چینی باشندوں اور اداروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے حقیقی نمائندوں سے محروم کرنے کی منظم پالیسی پر عمل پیرا ہے ، پاکستان اس معاملے کو تمام عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھائے گا،ادھردفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ کشمیری حریت پسند رہنما ء یٰسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے مشکوک اور سیاسی مقدمے میں سزا سنانے کی مذمت کی اور بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کریں، یٰسین ملک کیخلاف فرضی الزامات نہ صرف انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ، بین الاقوامی معاہدہ برائے شہری اور سیاسی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنے کی کوشش بھی ہے، جس نئی حکمت عملی کیساتھ کشمیری قیادت کیخلاف مقدمات کی پیروی کی جارہی ہے،بھارت کو منصوبہ بند الزامات کے تحت حراست میں لئے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا چاہئے، خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا چاہئے، کشمیر میں وحشیانہ فوجی محاصرہ ختم کرنا چاہئے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو انکی امنگوں کے مطابق حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دینا چاہئے،بین الاقوامی برادری بھی بھارت کو مشورہ دے کہ وہ یٰسین ملک سمیت مقبوضہ کشمیر کے تمام سیاسی رہنماؤں کیخلاف تمام منگھڑت الزامات ختم کرے، انکی حفاظت کو یقینی بنائے اور انہیں مکمل قانونی تحفظ فراہم کرے۔

اہم خبریں سے مزید