اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن نے خود کو میاں نوازشریف کے بیانیہ کی عقیدت مند قرار دیتے ہوئے ہر قسم کے سیاسی حالات میں نوازشریف کے حکم پر ووٹ دینے کا اعلان کر دیا،میری ایم پی اے کی سیٹ بھی نوازشریف کی امانت ہے وہ حکم دیں تو ابھی سیٹ سے مستعفی ہو جاؤں گی،مستقبل نوازشریف کا ہے وہی عوام کو مشکلات سے نکال سکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن نے ”جنگ“ سے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ سیاسی حالات نوازشریف کے حق میں ہوں یا مخالفت میں ہوں میں نے حتمی طور پر فیصلہ کر لیا ہے کہ اپنی اگلی تمام سیاست میاں نوازشریف کی قیادت میں ہی کروں گی،جگنو محسن کا کہناتھا کہ میں نوازشریف کے جمہوری استحکام،تسلسل اور عوامی فلاح و بہبود کا کے پروگرام اور بیانیہ سے اسقدر متاثر ہو چکی ہوں کہ میں انہیں اپنا لیڈر تسلیم کر کے ان کی سیاسی فکرو سوچ اور نظریے کی عقیدت مند ہوں،میری یہ عقیدت ہر قسم کے سیاسی حالات سے بالاتر ہے،صرف میں ہی نہیں میرے حلقہ کے عوام،میرے سپورٹرز،ووٹرز اور میرے بھائیوں اور بیٹوں جیسے کارکنا ن بھی میاں نواز شریف کے نظریہ اور بیانیہ کے عقیدت مند ہیں۔