• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق کرکٹرز پینشن میں ایک لاکھ روپے اضافے پر بورڈ کے شکر گذار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کی پینشن میں ماہانہ ایک لاکھ روپے اضافے پر کئی کھلاڑیوں کی جانب سے تعریف ہورہی ہے۔ سابق فاسٹ بولر سکندر بخت نے کہا کہ میں ایک بینک میں کئی سال ملازمت کرکے جب ریٹائر ہوا تو مجھے آج بھی ماہانہ تین ہزار روپے پینشن مل رہی ہے۔ رمیز راجا مبارک باد کے مستحق ہیں۔ آفتاب بلوچ کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ ان کی فیملی کو پینشن کی ضرورت ہے انہیں ماہانہ پینشن دینے کے احکامات دیئے جائیں۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا مہنگائی کے اس دور میں پینشن میں اضافہ ایک اچھی خبر ہے۔ دو برس سے چلنے پھرنے سے قاصر سابق فاسٹ بولر احتشام الدین نے کہا کہ پینشن میں اضافہ کرنے پر چیئرمین رمیز راجا کا شکریہ ادا کرتا ہوں مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی ہے ، ادویات کے اخراجات ہیں اضافے سے مدد ملے گی ۔