• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ میں وائٹ واش کے بعد پاکستان کرکٹ کیلئے آفٹر شاکس، 50 فیصد میچ فیس 11 پوائنٹس کی کٹوتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے ہزیمت آمیز وائٹ واش پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کافی شاید نہیں تھا، اس کے آفٹر شاکس بھی آرہے ہیں۔ آئی سی سی نے گرین کیپس کو مزید مشکل میں ڈال دیا۔ ایجبسٹن ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی میچ ریفری نے پاکستان ٹیم کو نہ صرف سلو اوور ریٹ پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کردیا بلکہ ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 11 پوائنٹس سے بھی محروم کردیا۔ تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹارگٹ ٹائم میں 11 اوورز کم کیے ۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کارروائی کی گئی۔ کپتان بابر اعظم نے غلطی تسلیم کی اور سزا کی کارروائی مکمل کر لی گئی ۔ 11 پوائنٹس کی سنگین کٹوتی کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پرنویں اور آخری نمبر پر چلا گیا ہے، اس کا کامیابی کا تناسب گر کر محض 4.63 فیصد رہ گیا ہے ۔ دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم کو ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا پانچ جرمانہ عائد کردیا گیا۔ دبئی میں سیمی فائنل میں سری لنکا کےخلاف پاکستان ٹیم نے مقررہ ٹائم میں ایک اوور کم کرایا۔ آئی سی سی کے مطابق ویمنز ایشیاکپ فائنل میں بھارتی کھلاڑی کرانتی گود پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی ،ان کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید